اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی)مسلم لیگ (ن)کے سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)نے اپنے دور اقتدار میں سازشوں کے باوجود 12ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی، توانائی، صحت، انفراسٹرکشر، تعلیم اور دیگر شعبوں میں سینکڑوں ترقیاتی منصوبے شروع کیے اور مکمل کر کے کھائے۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے مقابلہ کرنا ہے تو مسلم لیگ (ن) جتنے عوامی مفاد کے کام کر کے دکھائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہا ئو س کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہاپوزیشن جماعتیں قومی مفاد میں اکھٹی ہوئی ہیں موجودہ اپوزیشن حکومت سے زیادہ مضبوط ہے لیکن حکومت کو گرانے کا اپوزیشن کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ اس حکومت کو گرانے کیلئے اپوزیشن کو کچھ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ان کے اپنے لوگ ہی حکومت گرانے کیلئے کافی ہیں۔حکومت کے ابتدائی100دنوں میں علیمہ خان کے600ارب نکل آئے ہیں اور ان کو این آر او دیا گیا ہے عمران خان کی جانب سے۔فیصل واوڈا کے بھی لندن میں فلیٹ سامنے آرہے ہیں عمران اب ان کو این آر او دینے کی تیاری کریں ۔ یہ لوگ کہ رہے ہیں کہ اپوزیشن این آر او مانگ رہی ہے لیکن اپوزیشن کی آڑ میں حکومت اپنے لوگوں کو این آر او سے نواز رہی ہے۔25دسمبر قائد اعظم کا یوم پیدائش ہے، اس دن کا مطالبہ ہے کہ قائد اعظم کے فرمودات اور احکامات پر ان کی روح کے مطابق عمل کیا جائے تاکہ صحیح معنوں میں قائد اعظم کا پاکستان بن سکے۔
اپوزیشن جماعتیں قومی مفاد میں اکھٹی ہوئی ہیں، مشاہد اﷲ
Dec 19, 2018