اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے حالیہ دور حکومت کے سال 2016.17کے حسابات سے متعلق جانچ پڑتال کی رپورٹس پارلیمینٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے سپردکردی گئیں، تمام وزارتوں اور اداروں کی بعض رقوم کے استعمال کے بارے میں آڈٹ نے اعتراضات کیے ہیں، قومی خزانہ کے استعمال سے متعلق سالانہ حسابات کی جانچ پڑتال کی 80رپورٹس پارلیمنٹ میں پیش کی گئی ہیں۔ چیئرمین پی اے سی کے باضابطہ انتخاب کے بعد حسابات کی جانچ پڑتال کے لئے کمیٹی میں کارروائی کا سلسلہ شروع ہو جائیگا۔ اربوں روپے کی بے قاعدگیوں اور بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ مالیاتی شفافیت سے متعلق آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی سفارشات رپورٹس کے ساتھ منسلک ہیں۔ ممکنہ طور پر حکومت اپوزیشن کے نامزد چیئرمین پارلیمانی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی محمد شہباز شریف کی سربراہی میں یہ رپورٹس پی اے سی میں پیش کی جائیں گی۔ پیش کرنے کی باقاعدہ قومی اسمبلی نے منظوری دے دی ہے۔
مسلم لیگ ن دور کے حسابات کی رپورٹس پی اے سی کے سپرد کردی گئیں
Dec 19, 2018