لاہور (نمائندہ سپورٹس )پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے دعویٰ کیا ہے کہ جب وہ بائولنگ کرتے ہیں تو خود کو مکمل بائولر اور جب بیٹنگ کرتے ہیں تو خود کو ایک بلے باز کے طور پر لیتے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ میں ایک آل راؤنڈر ہوں جو بیٹنگ اور بائولنگ دونوں سے پاکستان کو میچز جتوا سکتا ہوں۔ کارکردگی میں عدم تسلسل پر تنقید کے حوالے سے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ناقدین کا کام تنقید کرنا ہے، میں نے ہمیشہ اپنی سو فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کی ہے اور آئندہ بھی ایسا ہی کروں گا۔انہوں نے خود کو اسٹار آل راؤنڈر بوم بوم شاہد خان آفریدی کا متبادل قرار دینے سے انکار کیا اور کہا کہ شاہد آفریدی ایک سپر سٹار ہیں اور انہوں نے جو پاکستان کیلئے پرفارم کیا اس کا میں سوچ بھی نہیں سکتا اور نہ ہی ان کی برابری کر سکتا ہوں۔عماد وسیم نے دورہ جنوبی افریقہ میں اچھی کارکردگی کے عزم کا اظہار بھی کیا۔