افغان امن عمل کے حامی، مسئلہ کشمیر کا مذاکرات سے حل چاہتے ہیں: شاہ محمود

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی+ آن لائن) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں وار کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت خارجہ پالیسی کے اہم اہداف کے حصول پر کام کررہی ہے۔ انتہا پسندی کیخلاف جنگ منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔ ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں۔ پاکستان دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا۔ پاکستان افغان امن عمل کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ افغانستان میں امن خطے کے استحکام کیلئے ضروری ہے۔ مسئلہ کشمیر کا مذاکرات کے ذریعے پرامن حل چاہتے ہیں۔ ریاست کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا تحفظ کیا جائے گا ٗجارحیت کے مقابلے کیلئے کم سے کم قابل اعتماد ڈیٹرنس کی پالیسی پر کاربند ہیں ٗکشمیر کے مسئلہ کا منصفانہ و دیرپا حل چاہتے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت خارجہ پالیسی تزویراتی مقاصد کے حصول کے لئے کام کر رہی ہے۔ معیشت کے استحکام کے فروغ کے لئے کام کیا جارہا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ عالمی معیشت کے ساتھ موثر طریقے سے منسلک ہونے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ تمام ممالک خصوصاً بڑی طاقتوں کے ساتھ دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات استوار کئے ہیں۔ پاکستان کی جیو سٹرٹیجک لوکیشن کو اثاثے میں بدل رہے ہیں۔ پاکستان کی ثقافت، درست امیج اور ریاستی پالیسیوں کو فروغ دیا جارہا ہے۔ معاشی خوشحالی اور ترقی کا ہمہ جہتی شراکت داری کے ذریعہ فروغ چاہتے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی بہبود کے لئے کام کر رہے ہیں۔ سکیورٹی فورسز کی قربانیوں سے، اس لعنت سے کامیابی سے چھٹکارا پارہے ہیں جبکہ ٹویٹر پیغام میں کہا برٹش ائرویز کا پاکستان میں فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر کے شکرگزار جبکہ زلفی بخاری مبارکباد کے مستحق ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر نوجوانوں کا قتل عام، اپیلٹ گنز کے ذریعے معصوم بچوں سے بینائی چھیننے کے واقعات انتہائی قابل مذمت اور تشویشناک ہیں۔ منگل کو چیئرمین یورپی یونین کشمیر کونسل علی رضا سید نے وزارت خارجہ مںی وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔ بیرون ملک مقیم کشمیریوں کو اپنی اس آواز کو مزید مؤثر بناتے ہوئے اتحادویکجہتی کے ساتھ عالمی اداروں اور انسانی حقوق کے فورمز کے سامنے اٹھانا چاہئے۔ علی رضا سید نے مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں اُجاگر کرنے اور عالمی اداروں کی کشمیر میں جاری مظالم کی طرف توجہ مبذول کرانے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر دی نیشن