مکۃ المکرمہ کی توسیع کا عمل حج تک مکمل کر لیا جائے گا:امام حرمین شریفین

لاہور (خصوصی نامہ نگار)حرم مکۃ المکرمہ کی توسیع کا عمل حج تک مکمل کر لیا جائے گا ، سعودی ولی عہد امیر محمد بن سلمان نے سعودی تعمیراتی کمپنیوں کو تعمیراتی کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دیں ، رمضان المبارک سے قبل تعمیراتی کام کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گا ، اتحاد امت کانفرنس سعودی عرب کی قیادت کی اسلام اور مسلمانوں کے ساتھ محبت کا عملی اظہار ہے ، یہ بات امام حرمین شریفین اور ریاسۃ حرمین الشریفین کے سر براہ الشیخ عبد الرحمن السدیس نے پاکستانی علماء و مشائخ اور صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ، وفد کی قیادت پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کی ۔ الشیخ سدیس نے کہا کہ عالم اسلام کی وحدت اور اتحاد وقت اور حالات کا تقاضا ہے ، مسلم نوجوانوں کو داعش اور القاعدہ جیسے فتنوں سے بچانے کیلئے مسلم علماء کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رابطہ عالم اسلامی کے تحت مکۃ المکرمہ میں ہونے والی وحدت امت کانفرنس سعودی عرب کی قیادت کا انتہاء پسندی، دہشت گردی کے خلاف عملی قدم ہے ، اس کانفرنس کے بنیادی مقاصد میں سے ایک فتویٰ کے نام پر غیر شرعی امور کو روکنا ہے ۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ حرمین شریفین کی خدمت سعودی عرب کی عوام اور قیادت کا اعزاز ہے ، امت مسلمہ کے مصائب اور مسائل کے حل کیلئے ہمیشہ سعودی عرب کی قیادت نے سب سے پہلے قدم اٹھایا ہے ، مسئلہ فلسطین پر سعودی عرب کی قیادت کا کردار روز روشن کی طرح واضح ہے۔

ای پیپر دی نیشن