لاہور (نامہ نگار) ٹاؤن شپ کے علاقے جناح مارکیٹ میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں60 دکانوں اور سٹالز میں موجود کروڑوں روپے مالیت کا سامان جل کر تباہ ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ٹاون شپ کے علاقے جناح مارکیٹ کے اوپر سے گزرنے والی ہائی وولٹیج تاروں میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ کی چنگاریاں نکلیں جو نیچے لنڈے کے کپڑوں کے سٹال پر گرنے سے آگ بھڑک اٹھی۔ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری مارکیٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ جس سے مارکیٹ میں موجود 60 لنڈے کے کپڑوں و جوتوں کے سٹالز، فرنیچر ودیگر سامان کی دکانوں میں موجود کروڑوں روپے مالیت کا سامان جل کر تباہ ہو گیا ہے۔ موقع پر دکانداروں اور لوگوں کی بڑی تعداد اکھٹی ہو گئی ۔ بعض غریب دکاندار سامان جلتا دیکھ کر دھاڑیں مار کر روتے رہے۔ اطلاع ملنے پر امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا ہے۔ دکانداروں نے لیسکو کیخلاف احتجاج کیا اور شدید نعرے بازی کی اور کہا ہے کہ شارٹ سرکٹ کے بارے میں لیسکو حکام کو متعدد بار آگاہ کیا مگر انہوں نے کوئی اقدام نہیں کیا جس سے یہ واقعہ پیش آیا ہے۔