لاہور (نیوز رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز نے بڑھتی ہوئی مہنگائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معیشت سسکیاں لے رہی اور ڈوب رہی ہے، لوگ بے روزگار ہورہے ہیں، حکومت نے ہوش کے ناخن نہ لئے تو وہ وقت دور نہیں جب قوم ان کا محاسبہ کرے گی، کھلنڈروں سے معیشت بہتر نہیں ہو رہی نہ ہی ان سے مہنگائی کنٹرول ہو رہی ہے، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں ایک بار پھر ہوش ربا اضافہ کیا جا رہا ہے، نوازشریف کے دور حکومت میں اس طرح مہنگائی نہیں تھی، غریب آدمی صبح شام حکومت کو بدعائیں دیتا ہے، عوام بہت جلد اس حکومت سے نجات حاصل کرلیں گے۔ پنجاب اسمبلی میں ارکان اسمبلی اور پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو توقعات اور سبز باغ دکھائے گئے وہ بجلی ا ور گیس کے بلوں کی صورت میں بم بن کر برس رہے ہیں، انہیں ٹماٹر کے ریٹ کا نہیں پتا, عوام سے پوچھیں ٹماٹر کی قیمت کیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ رہبر کمیٹی مل کر اس معاشی بدحالی کا کوئی حل نکالے گی، پی ٹی آئی سی پیک کی مخالفت کرتی تھی اور آج نواز شریف کے منصوبوں پر تختیاں لگاتی ہے،ہم نے ڈینگی کنٹرول کیا مگر اب صورتحال مختلف ہے، کیا ریاست مدینہ میں غریب بھوکا مرتا تھا؟انہوں نے کہا کہ بنی گالا کے محل غریبوں کا مذاق اڑاتے ہیں، آپ نے اپوزیشن کے تمام لوگوں کو جیل میں بند کردیا مگر پرفارمنس زیرو ہے، جھوٹ کا ٹائی ٹینک زمین بوس ہونے والا ہے۔
کھلنڈروں سے معیشت بہتر نہیں ہو رہی، عوام جلد نجات حاصل کرلینگے:حمزہ
Dec 19, 2019