لاہور (آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ زراعت پاکستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی اور کسان کی خوشحالی پاکستان کی خوشحالی ہے، ہم خوش قسمت ہیں کہ پاکستان کو اللہ تعالی نے بہترین موسم، زرخیز زمین اور محنت کش عطا فرمائے ہیں، پالیسی اور زرعی اجزاکی قیمتوں کو درست بنانے کی ضرورت ہے، موجودہ حکومت نے ایک سال میں زراعت اور کسان کو تباہی و بربادی کا شکار کر دیا ہے، ہمیں زراعت کے شعبے میں پالیسیوں کے تسلسل ، جدید ٹیکنالوجی، نئے رجحانات وتجربات اور مشینری کے استعمال کی ضرورت ہے۔ یوم کسان پر اپنے پیغام میں کہا کہ زراعت پاکستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی اور کسان کی خوشحالی پاکستان کی خوشحالی ہے، ہم خوش قسمت ہیں کہ پاکستان کو اللہ تعالی نے بہترین موسم، زرخیز زمین اور محنت کش عطا فرمائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں پاکستان میں زراعت اور کسان کی ترقی کے لئے تاریخی اقدامات کئے، زرعی ٹیوب ویلوں پر سبسڈی، اربوں روپے کا کسان پیکیج، کھاد، ادویات اور دیگر زرعی اشیاپر رعایت دی، زراعت کی ترقی دراصل آج کی دنیا میں قومی سلامتی اور معیشت کو ناقابل تسخیر بنانے کے مترادف ہے، زراعت کی ترقی اور کسان کی خوشحالی برآمدات میں اضافے اور کثیر غیرملکی زرمبادلہ ملک کے لئے کمانے کا بہترین ذریعہ بن سکتی ہے، ہمیں زراعت کے شعبے میں پالیسیوں کے تسلسل کی ضرورت ہے، جدید ٹیکنالوجی، نئے رجحانات وتجربات اور مشینری کے استعمال کی ضرورت ہے۔