وزیراعظم وراثتی/جانشینی سرٹیفکیٹ کے اجرا کا افتتاح آج کریں گے

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وراثتی/جانشینی سرٹیفکیٹ کے 15 روز میں اجراء کے وفاقی حکومت کے منصوبہ کا افتتاح وزیراعظم عمران خان آج جمعرات کو کریں گے۔ اس منصوبے کے تحت متوفی کے ورثاء کو نادرا کے تعاون سے15 روز میں وراثتی/جانشینی سرٹیفکیٹ جاری کئے جائیں گے۔ وزات قانون و انصاف کے ذرائع کے مطابق اقتدار میں آنے کے بعد قانونی اصلاحات نئی حکومت کے لئے سب سے بڑا چیلنج تھا اور کسی صورت اس مسئلے کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ وزارت قانون نے انتہائی تندہی سے اس چیلنج پر کام شروع کیا اورصرف 75 دن کے اندر مکمل کر لیا۔ وزارت قانون ایسے اقدامات کرنا چاہتی تھی جس سے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے اور اس عمل کو ترمیمی بنیاد پر عمل میں لایا جائے۔ اس حوالے سے اہم قدم یہ تھاکہ اپوزیشن ارکان اسمبلی کے ساتھ بیٹھ کر سیاسی اتفاق رائے کے ذریعے ان مسودوں کو قانونی شکل دی جائے ، سینیٹ میں ارکان کی مطلوبہ تعداد نہ ہونے کی وجہ سے حکومت ان بلوں کو سینیٹ سے منظور نہیں کروا سکی۔ نتیجتاً 30 اکتوبر کو صدر پاکستان کی جانب سے عوام دوست آرڈیننس کا نفاذ عمل میں آیا۔

ای پیپر دی نیشن