کرا چی(وقائع نگار) ترجمان سندھ حکومت اور وزیراعلی سندھ کے مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پبلک سیفٹی کمیشن کے قیام سے پولیس کو ذمہ داری کے ساتھ ساتھ احتساب کے لیے بھی سامنے آنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی بلڈنگ کے میڈیا کارنر پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی سے پولیس اصلاحات کا نیا قانون پاس کیا ہے جس کے زیر نظر پبلک سیفٹی کمیشن کا قیام عمل میں لایا گیا جس کے اب تک پانچ اجلاس ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ ان کے خلاف دہشت گردی قوانین کے تحت مقدمات دائر کیے گئے ہیں جس کو حل کرنے کے لئے آئی جی سندھ کو مفصل رپورٹ پیش کرنے کا کہا ہے۔اس کے علاوہ پولیس کا ایک سالانہ پلان بھی مرتب کیا جا رہا ہے جس کی سفارشات محکمہ پولیس تیار کرے گی اس کے علاوہ شہر کے ٹریفک پلان کو حتمی شکل دینے کے لیے ٹریفک خلاف ورزی کے جرمانوں میں اضافہ کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئیں ہے۔