اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر)مصحف سکواش کمپلیکس میں جاری سیرینا ہواوے انٹرنیشنل سکواش چیمپیئن شپ کے سیمی فائنل میچز میں پاکستانی کھلاڑیوں فرحان محبوب اور طیب اسلم نے مصری کھلاڑیوں کو ہرا کر نہ صرف اپ سیٹ کئے بلکہ فائنل کیلئے بھی کوالیفائی کر لیا۔ فائنل میچ آج سہ پہر کھیلا جائے گا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ اور پاکستان سکواش فیڈریشن کے صدر ائر چیف مارشل مجاہد انور خان ہو ں گے اور وہ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کریں گے۔مصر کی حنا موتاز اور امریکی کھلاڑی سبرینا سوبھی سرینا ہوٹل ہواوے انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ ویمنز ایونٹ کے فائنل میں پہنچ گئیں ۔ گذشتہ روز مصحف سکواش کمپلیکس میں جاری ٹورنامنٹ میں ویمنز ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں مصر کی حنا موتاز نے اپنی ہم وطن کھلاڑی فریدہ محمد کو 3-2 سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنالی۔ یہ میچ پانچ سیٹس پر مشتمل تھا۔ مصر کی حنا موتاز نے پہلے دو سیٹس میں 11-7 اور 11-2 سے کا میابی حاصل کی، تیسرے اور چوتھے سیٹ میں مصر کی فریدہ محمد نے 11-9 اور 11-3 سے فتح حاصل کرکے سے میچ برابر کر دیا جبکہ حنا موتاز نے پانچویں سیٹ میں 14-12 سے کامیابی حاصل کرکے مقابلہ 3-2 سے جیت لیا۔ یہ میچ 36 منٹ تک جاری رہا۔ دوسرے سیمی فائنل میں امریکی کھلاڑی سبرینا سوبھی نے مینا حامد کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 3-0 شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی۔ یہ میچ تین سیٹ پر مشتمل تھا، امریکی کھلاڑی سبرینا سوبھی نے مصر کی مینا حامد خلاف 11-6، 11-8 اور 11-6 سے فتح حاصل کرکے فائنل میں جگہ بنالی ۔ یہ میچ 23 منٹ تک جاری رہا۔مردوں کے پہلے سیمی فائنل میںورلڈ نمبر 91فرحان محبوب نے ورلڈ نمبر43مصر کے یوسف ابراہیم کو8-11، 14-16،11-2، 11-5اور12-10سے شکست دی۔ یہ میچ 50منٹ جاری رہا جس میں فرحان محبوب نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیادوسرے سیمی فائنل میں پاکستان کے ورلڈ نمبر60طیب اسلم نے مصر کے ورلڈ نمبر51محمد الشربینی کو11-6، 9-11،11-9اور 11-9سے شکست دے دی اور فائنل میں پہنچ گئے۔ یہ میچ46منٹ جاری رہا۔پاکستان سکواش فیڈریشن کے سیکرٹری گروپ کیپٹن طاہر سلطان کے مطابق اس میگا ایونٹ میں پاکستانی مرد اور خواتین کھلاڑیوں سمیت دوسرے غیرملکی کھلاڑی جن کا تعلق مصر، امریکہ، ہانگ کانگ، برطانیہ، ملائیشیا، جرمنی، پرتگال، سپین، سوئٹزرلینڈ، اردن اور آسٹریا سے ہے نے حصہ لیا۔ چیمپیئن شپ میں مردوں کیلئے 20 ہزار ڈالر اور خواتین کھلاڑیوں کیلئے 12 ہزار ڈالر کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔