کاروباری ہفتے کے چوتھے روز جمعرات کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدترین مندی دیکھی گئی اور 100 انڈیکس 41 ہزار سے واپس 40 ہزار پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق صدر و آرمی چیف پرویز مشرف کو سزائے موت کا تفصیلی فیصلہ آنے اور بے یقینی کی صورتحال کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی دیکھی گئی۔ جمعرات کے روز دن کے آغاز پر 100 انڈیکس میں 350 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی جس کے بعد انڈیکس 41 ہزار 249 پوائنٹس پر ٹریڈ کرنے لگا۔ تاہم دن گزرنے کے ساتھ ساتھ انڈیکس کی سطح نیچے آتی گئی اور 11 سو پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی۔ بدترین مندی کے بعد 100 انڈیکس 40 ہزار 500 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔ دن کے اختتام تک 100 انڈیکس 1 ہزار 41 پوائنٹس کمی سے 40 ہزار 563 پر بند ہوا۔