ملتان،لودھراں(لیڈی رپورٹر،نامہ نگار) سماجی تنظیم لودھراں پائلٹ پراجیکٹ اور وومن یونیورسٹی ملتان کے مابین فروغ امن اور خواتین کو با اختیار بنانے کے حوالے سے تین سالہ مفاہمتی یاداشت پر دستخط کر دئے گئے۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ایل پی پی ڈاکٹر محمد عبدالصبور نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کا مطلب معاشرے کے ہر ایک انسان کو برابری کی سطح پر ایک منصفانہ، شراکتی، خوشحال اور پرامن دنیا کی تعمیر میں انفرادی یا اجتماعی کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ لودھراں پائلٹ پراجیکٹ کا روز اول سے یہ نظریہ رہا ہے کہ ایک مثالی معاشرہ تبھی ممکن ہے جب مرد و خواتین کو برابری کی بنیاد پہ فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کیا جائے۔ پروفیسر ڈاکٹرعظمٰی قریشی وائس چانسلر وومن یونیورسٹی نے کہا کہ لودھراں پائلٹ پراجیکٹ اور وومن یونیورسٹی ملتان گزشتہ کافی عرصے سے خواتین کو کھیلوں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی میں ادارے کی طالبات کیلئے مختلف مواقعے فراہم کرنے میں مشترکہ طور پر کوشاں ہیں۔