لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کپ ون ڈے سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کا دوسرا راؤنڈ مکمل، سنٹرل پنجاب ، سندھ اور سدرن پنجاب نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔ تفصیلات کے مطابق ٹی ایم سی گراؤنڈ کراچی میں کھیلے گئے میچ میں سنٹرل پنجاب نے ناردرن کو تین وکٹوں سے شکست دے دی،سنٹرل پنجاب نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ناردرن کی ٹیم 38.4 اوورز میں 123 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی،ناردرن کی طرف سے سہیل اختر نے 39 رنز بنائے۔ فرحان شفیق اور نہال منصور صفر پر آؤٹ ہوئے۔سنٹرل پنجاب کی طرف سے صہیب اللہ، محمد علی،رضا علی ڈار،حسیب الرحمن اور کامران افضل نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ سنٹرل پنجاب نے ہدف 36.3 اوورز میں 7 کھلاڑی آؤٹ پر حاصل کر لیا،محمد فائق 39 رنز بنا کر نمایاں رہے،ناردرن کی طرف سے فرحان شفیق اور سلمان ارشاد نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔کے سی سی اے سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں سندھ نے خیبر پختونخواہ کو 69 رنز سے شکست دے دی۔ خیبر پختونخواہ نے ٹاس جیت کر سندھ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ سندھ کی ٹیم 49.2 اوورز میں 281 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ جہانزیب سلطان اور عماد عالم نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 102 رنز بنائے۔ جہانزیب سلطان نے 43 اور عماد عالم نے 73 رنز بنائے ۔ صائم ایوب نے 55 اور رمیز عزیز نے 42 رنز کی اننگز کھیلی۔ عامر خان نے 54 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ 282 رنز کے ہدف کے تعاقب میں خیبر پختونخواہ کی ٹیم 45.4 اوورز میں 212 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ محمد سرور نے 79 رنز 91 گیندوں پر 11 چوکوں کی مدد سے بنائے۔ سندھ کی جانب سے غلام مدثر نے تین اور آرش علی خان نے چار کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔این بی پی سپورٹس کمپلیکس میں ہونیوالے میچ میں سدرن پنجاب نے بلوچستان کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا۔ سدرن پنجاب نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بلوچستان کی ٹیم نے 49.1 اوورز میں 9 وکٹوں پر 229 رنز بنائے۔ تیمور خان 19 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہو ئے۔