اسلام آباد ( محمد نواز رضا ،وقائع نگار خصوصی) با خبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی جاتی امرا ء میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف سے حالیہ ون آن ون ملاقات میں دونوں اطراف سے ’’برف‘‘ پگھل گئی ہے ’’سرد مہری‘‘ گرمجوشی‘‘ میں تبدیل ہو گئی ہے چوہدری نثار علی خان جو پچھلے اڑھائی ب سال سے جاتی امرا ء نہیں گئے انہوں نے میاں شہباز شریف سے ان کی والدہ کی وفات پر فاتحہ خوانی کی ہے بعد ازاں ایک گھنٹہ سے زائد دونوں کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی پاکستان مسلم لیگ (ن) میں سردار ایاز صادق ، رانا تنویر حسین ، خواجہ سعد رفیق چوہدری نثار علی خان اور میاں نواز شریف کے درمیان صلح کرانے کے لئے کوشاں رہے ہیں لیکن تاحال انہیں کوئی کامیابی نہیں ہوئی ۔ جب چوہدری نثار علی خان لاہور گئے تو خواجہ سعد رفیق نے ان کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جس کے بعد چوہدری نثار علی خان جاتی امرا ء چلے گئے میاں شہباز شریف سے ایک گھنٹہ سے زائد طویل ملاقات میں گلے شکوے ہوئے اور چوہدری نثار علی خان نے بیگم شمیم اختر سے والدہ کی حیثیت سے تعلق پر خاصی دیر بات کی اور پرانی یادیں تازہ کیں ۔ میاں شہباز شریف بھی میاں نواز شریف سے چوہدری نثار علی خان کی صلح کے لئے کوشاں رہے ہیں لیکن بعد ازاں انہوں نے بھی خاموشی اختیار کر لی چوہدری نثار علی خان نے پچھلے اڑھائی سال سے جاتی امرا ء کی طرف دیکھا اور نہ ہی شریف خاندان سے تعلقات استوار کئے ۔ چوہدری نثار علی خان نے بھی پچھلے اڑھائی سال سے سیاسی سرگرمیاں معطل کر رکھی ہیں صرف اپنے حلقہ انتخاب میں قریبی دوستوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں مسلم لیگ کے بعض رہنما چوہدری نثار علی خان اور میاں نواز شریف کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ قائم کرانے کے لئے کوشاں ہیں جس میں چوہدری نثار علی خان میاں نواز شریف سے ان کی والدہ محترمہ شمیم اختر کی وفات پر فاتحہ خوانی کریں گے اس سلسلے میں لندن میں میاں نواز شریف کو آگاہ کر دیا گیا ہے چوہدری نثار علی خان نے لندن میں بیگم کلثوم نواز کے جنازے میں شرکت کی تھی چوہدری نثار علی خان کے قریبی ذرائع نے تاحال چوہدری نثار علی خان اور میاں نواز شریف کے درمیان رابطہ قائم ہونے کی تصدیق نہیں کی اس بارے میں جاتی امرا اور چکری میں خاموشی پائی جاتی ہے تاہم کسی وقت بھی کوئی چونکا دینے والی خبر آسکتی ہے چوہدری نثار علی خان کے سیاسی مستقبل اور آئندہ لائحہ عمل کے بارے میں قبل از وقت کچھ نہیں کہا جاسکتا چوہدری نثار علی خان اپنے سیاسی مستقبل کے بارے میں خاموش ہیں ان کے سیاسی مستقبل کے بارے میں کوئی پیش گوئی نہیں کی جا سکتی تاہم ان کے میدان سیاست میں سرگرم ہونا سیاسی دھماکہ ہوگا ۔