وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کے حل اور سہولتوں کی فراہمی حکومت کا عزم ہے اور بدقسمتی سے گزشتہ ادوار میں قبضہ مافیا نے اراضی ریکارڈ پر قبضہ کیا اور موجودہ حکومت نے اقدامات سے ہزاروں ایکڑ سرکاری اراضی واگزار کی گئی ہے۔ سیالکوٹ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت نے ٹیکنالوجی کو ترقی دیتے ہوئے ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کا عمل شروع کیا ہے، اس کے علاوہ پنجاب بھر میں 115 اراضی ریکارڈ سینٹرز قائم کئے جا رہے ہیں، جس سے صوبے کے 100 تحصیلوں میں ریکارڈ کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ معاون خصوصی نے بتایا کہ فرد کے حصول اور اراضی کی مستقبل کےلئے ون ونڈو آپریشن شروع کیا گیا ہے،جبکہ سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کےلئے بھی خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو جائیداد کی مستقبل کےلئے آن لائن سہولت دی جا رہی ہے، جس کےلئے امریکہ، برطانیہ، سعودی عرب اور یو اے ای میں پاکستانی قونصل خانوں میں خصوصی ڈیسک قائم ہوں گے۔