شہباز شریف بات دھیلے کی‘ کرپشن 6 ارب کی کرتے ہیں: حسان خاور 


لاہور (نیوز رپورٹر) معاونِ خصوصی وزیرِ اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ وزیرِاعظم عمران خان کی دور اندیش قیادت میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور وزیرِ صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اپنی ٹیم کے ہمراہ پنجاب کو دیگر صوبوں سے آگے لے جاتے ہوئے آٹھ کروڑ دس لاکھ کے ہدف میں سے پانچ کروڑ افراد کو کرونا ویکسین کی کم از کم ایک اور تین کروڑ سے زائد افراد کو دو خوراکیں لگا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ویکسینیشن میں عوامی دلچسپی کم ہوتی دیکھ کر بزدار حکومت نے گھر گھر ویکسینیشن کی مہم ''ریچ ایوری ڈور'' کا آغاز کیا۔ پچیس اکتوبر سے بارہ نومبر تک اس خصوصی مہم کے پہلے مرحلے میں ایک کروڑ تیس لاکھ افراد کو ویکسینیٹ کیا گیا۔ اس مہم کا دوسرا مرحلہ یکم دسمبر سے شروع ہو چکا ہے جو اکتیس دسمبر تک چلے گا۔ پنجاب اس وقت تینتالیس فیصد ویکسینیشن کے ساتھ تمام صوبوں سے آگے ہے۔  ان خیالات کا اظہار حسان خاور نے گورنمنٹ بوائز سکول بابِ پاکستان، والٹن روڈ لاہور میں واقع ویکسینیشن سنٹر کے دورے کے بعد میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ  ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے بھی کوویڈ کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے مزید کہا کہ حکومت نے ہیلتھ انصاف کارڈ سے غریب اور امیر کے فرق کو ختم کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے صحت کے شعبے میں کام کیا ہوتا تو ان کا لیڈر لندن علاج کروانے نہ جاتا۔ انہوں نے بتایا کہ شہباز شریف بات تو ایک دھیلے کی کرتے ہیں، لیکن کرپشن سولہ ارب سے کم کی نہیں کرتے۔

ای پیپر دی نیشن