اسلام آباد، کوئٹہ (نمائندہ خصوصی) کوئٹہ کے علاقے قندھاری بازار میں دھماکے سے ایک شخص جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔ ترجمان سول ہسپتال ڈاکٹر وسیم بیگ کے مطابق جاں بحق شخص اور زخمیوں کو کوئٹہ کے سول ہسپتال لایا گیا۔ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے ترجمان نے بتایا کہ دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا اور دھماکے کے نتیجے میں جانی نقصان سمیت کئی گاڑیاں تباہ ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھا کرنا شروع کر دیئے ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس ہے اور ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ اسلام آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق آئی ایس پی آر کے مطابق باجوڑ اور شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران تین دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ باجوڑ میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کے دوران دہشت گرد کمانڈر غفور عرف جلیل ہلاک ہوگیا۔ ہلاک دہشت گرد کمانڈر غفور، مولوی فقیر محمد کا قریبی ساتھی تھا اور متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھا۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک سکیورٹی اہلکار زخمی ہوا۔ سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں کلیئرنس آپریشن کے دوران دو دہشت گرد ہلاک کر دیئے۔ دہشت گرد محمد خیل گائوں سے ویزدہ سار کی جانب فرار ہو رہے تھے۔ فائرنگ کے تبادلے میں دونوں دہشت گرد مارے گئے۔
کوئٹہ دھماکہ ایک جاں بحق،باجوڑ،شمالی وزیرستان آپریشن میں3دہشت گرد حلاک
Dec 19, 2021