اسلا م آباد (خصوصی نامہ نگار) پی آئی اے نے پاکستان کا پہلا ائیربس 320 کا سیمولیٹر حاصل کر لیا۔ معاہدے پر سی ای او پی آئی اے اور ایل3 ہیرس کمپنی کے صدر رابن گلوور نے دستخط کئے۔ تفصیلا ت کے مطا بق جدید ترین خصوصیات کا حامل سیمولیٹر اس خطے میں سب سے پہلے پاکستان میں لگے گا۔ سیمولیٹر پائلٹس کی تربیت، ریفریشر کورس اور ائیر سیفٹی کیلئے لازم ہے۔ پاکستان میں 670 ائیربس 320 پائلٹس ہونے کے باوجود سیمولیٹر دستیاب نہیں تھا۔ تمام پائلٹس A320 پر تربیت اور ریفریشر کیلئے بیرون ملک جاتے تھے۔ پائلٹس کی تربیت کا نرخ تقریبا 300 ڈالر فی گھنٹہ فی پائلٹ بیرون ممالک میں حاصل کیا جاتا تھا۔ ٹکٹوں، رہائش اور یومیہ الائونس کی مد میں کثیر زرمبادلہ مقامی ائیرلائن صرف کرتی تھیں۔ تقریب میں برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ ایل3 ہیرس کمپنی کے صدر رابن گلوور نے کہا کہ پاکستان میں نئی ٹیکنالوجی کے حامل سیمولیٹر کے آنے سے پاکستان میں تربیت کا معیار بہت بہتر ہو گا۔ ارشد ملک نے کہا آج پی آئی اے کیلئے ایک بہت خوش آئند دن ہے اور ہمارا ایک اہم منصوبہ مکمل ہورہا ہے۔