کراچی (نیوز رپورٹر) ڈسٹرکٹ سینٹرل میں ایک بار پھرمسلح ملزمان نے باآسانی کیش وین لوٹ لی اور مزاحمت پر فائرنگ کر کے 2 سیکیورٹی گارڈز کو زخمی کردیا۔ مسلح ملزمان نے 8 سیکنڈ میں واردات مکمل کی اور آنا فانا فرار ہو گئے ، پولیس حکام کے مطابق کیش وین تقریبا 3 کروڑ30 لاکھ روپے کی رقم بینک میں جمع کرانے پہنچی تھی اور مسلح ملزمان تقریبا ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد کی رقم لوٹ کر فرار ہوئے ہیں ۔ جمعے کی شب نارتھ ناظم آباد تھانے کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک بی واقع نجی بینک میں ایس اوایس نامی پرائیوٹ سیکورٹی کمپنی کے گارڈز رقم جمع کرانے پہنچے تو اس ہی دوران موٹرسائیکل سوار دو مسلح ملزمان نے دو سیکورٹی گارڈز کو گولیاں مارکر رقم سے بھرا ایک تھیلا چھین کر فرار ہوگئے ۔ ملزمان اتنے شاطر تھے کہ انھوں نے سیکورٹی گارڈ کو فائرنگ کرنے تک کا موقع فراہم نہیں کیا ۔ ملزمان نے 8 سیکنڈ میں واردات مکمل کی اور فرارہوگئے ۔ واردات کی اطلاع ملنے پر پولیس رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمی ہونے والے گارڈز کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا جہاں ان کی شناخت 45 سالہ حسن علی اور 43سالہ سبیل شاہ کے نام سے کی گئی ۔ ڈی ایس پی نارتھ ناظم آباد ظفر حسین نے بتایا کہ کیشن وین میں مجموعی طور پر3 تھیلوں میں 3 کروڑ 30 لاکھ روپے کی رقم موجود تھی اورمسلح ملزمان رقم سے بھرا ایک تھیلا چھین کر فرار ہوئے جس میں تقریبا ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد کی رقم موجود تھی . ڈی ایس پی نارتھ ناظم آباد کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران کیش وین کے سیکیورٹی گارڈزکی غفلت و لاپروائی سامنے آئی ہے۔
نارتھ ناظم آباد میں بنک ویگن لوٹ کر ڈاکو باآسانی فرار
Dec 19, 2021