لاہور(خصوصی نامہ نگار ) جمعیت علماپاکستان (سواد اعظم )کے مرکزی صدر پیر سید محمد محفوظ مشہدی نے خانیوال کے حلقہ پی پی 206 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوارکی کامیابی پر میاں نواز شریف، میاں شہباز شریف ،مریم نواز اور نومنتخب رکن رانا سلیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کی نظروں میں گر چکی ہے۔ ضمنی انتخابات میں عوام نے حکومت پر بڑا واضح عدم اعتماد کا اظہارکردیا ہے۔ ضمنی انتخابات کے نتائج نوشتہ دیوار ہیں جو موجودہ حکومت کی تباہی اور مسلم لیگ (ن) کی آئندہ حکومت کی خبردے رہے ہیں۔ نتائج سے واضح ہوگیا کہ آئندہ حکومت مسلم لیگ (ن) اور اس کے اتحادیوں کی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں موجودہ حکومت کے خلاف تمام ضمنی انتخابات مسلم لیگ (ن) نے جیتے ہیں۔مسلم لیگ (ن) کی اس انتخابی فتح میں جے یو پی کی حمایت اور کوششیں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈسکہ اور لاہور میں قومی اسمبلی کے الیکشن جیتنے کے بعد مسلم لیگ (ن) کو خانیوال سے صوبائی اسمبلی کی نشست پر بڑی کامیابی نصیب ہوئی ہے۔