پاکستان کو سیکولر ریاست نہیں بننے دیا جا ئیگا،عبدالغفارروپڑی 


لاہور(خصوصی نامہ نگار)جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفارروپڑی نے کہا ہے کہ پاکستان اسلامی نظریہ پر قائم ہوا، اسے سیکولر ریاست نہیں بننے دیا جا ئے گا، پارلیمنٹ بغیر کسی دباؤ کے قرآن و سنت کے مطابق فیصلے کرے ، پاکستان کو مثالی اسلامی نظریاتی ریاست بنایا جائے اور خود انحصاری وملکی ترقی کے ذریعے اسلامی معاشی نظام لایا جائے تو عالم اسلام کے اتحاد کے دروازے کھل جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع القدس چوک دالگراں میں کارکنوں سے گفتگو کے دوران کیا۔اس موقع پر حافظ عبد الوحید روپڑی، مولانا شکیل الرحمٰن ناصر، قاری محمد فیاض، مولانا محمد بشیر سلفی اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر اور فلسطین کا مسئلہ بھی اتحاد امت کے ذریعے ممکن ہوگا۔نظریہ پاکستان کا تحفظ ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے۔ کشمیر اور فلسطین امت مسلمہ کے مسائل ہیں ، کشمیر اور فلسطین سے غداری نہیں کی جا سکتی ، بعض قوتیں مسلم ممالک کی عوام اور حکومتوں کے درمیان تصادم کیلئے افواہ سازی کر رہی ہیں،یورپی ممالک ، امریکہ اور برطانیہ اسلامک فوبیا اور توہین رسالت  جیسے معاملات کو ختم کروانے کی کوشش کریں، پاکستان اپنے مسائل خود حل کرے گا۔ ہندوستان ، اسلامی ، یورپی ممالک ، امریکہ اور برطانیہ میں دہشت گردی کرنے والے گروہوں اور جماعتوں کا سرپرست بن چکا ہے۔

ای پیپر دی نیشن