پرویز الٰہی کا یوٹرن، اسمبلیوں کی تحلیل سے قبل اپ سیٹ کا امکان

Dec 19, 2022


اسلام آباد (رپورٹ: رانا فرحان اسلم) وزیر اعلی پنجاب پرویزالہی کا یوٹرن عمران خان کی باجوہ مخالف تقریر پر شدید ردعمل، دونوں قائدین کے مابین اختلافات کا فائدہ حکومتی اتحاد کو ہو گا۔ حکومتی اتحاد کی جانب سے مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین کو پرویز الٰہی کو رام کرنے کا ٹاسک سونپ دیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری نے چودھری شجاعت سے ان کی رہائش گاہ پر الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ پنجاب کی اسمبلیاں تحلیل ہونے سے قبل ہی اپ سیٹ کا امکان، وزیر اعلی کی تبدیلی اپوزیشن کا حکومت بنانے کیلئے جوڑ توڑ حتمی مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ عمران خان کا اسمبلیاں تحلیل کرنے کے اعلان کی تقریر میں جنرل (ر) باجوہ پر تنقید نے وزیراعلی پنجاب پرویز الہی کو بھی انکا مخالف کر دیا ہے۔ پرویز الہی جنرل (ر) باجوہ کی حمایت میں کھل کر سامنے آگئے ہیں، جو تحریک انصاف کے لئے مستقبل قریب میں مزید سیاسی مسائل کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتا ہے۔ دوسری جانب صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے حکومتی اتحاد نے پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے سدباب کیلئے جوڑتوڑ شروع کر دیا ہے۔ عمران خان کی جنرل (ر) باجوہ پر غیر ضروری اور بے جا تنقید سے آنے والے دنوں میں انہیں مزید سیاسی نقصان ہو گا۔ پرویز الہی کی مخالفت واضح ثبوت ہے۔

مزیدخبریں