سری نگر(کے پی آئی)کل جماعتی حریت کانفرنس نے مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی سمیت تمام کشمیری قیدیوں کی بلاتاخیر رہائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ بھارتی جیلوں میں قید کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، غلام احمد ، نعیم احمد خان، پیر سیف اللہ، راجہ معراج الدین کلوال، ایاز محمد اکبر، فاروق احمد ڈار اور شاہد الاسلام کی مسلسل قید پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے ۔ ترجمان حریت کانفرنس نے بھا رتی جیلوں اور عقوبت خانوں میں قید حریت رہنمائوں ، کارکنوں اور نوجوانوں کے عزم و ہمت کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی ، غیر قانونی گرفتاریوں، خواتین کی بے حرمتی اور گھروں اور دیگر املاک کی توڑ پھوڑ کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری عوام اپنے پیدائشی حق ،حق خود ارادیت کیلئے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں اور وہ مقصد کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ امتیاز وانی نے کہاکہ کل جماعتی حریت کانفرنس آزادی پسند کشمیری عوام کی نمائندگی کرتی ہے اور وہ بھارتی جبرو استبداد کے باوجود تحریک آزادی کشمیر کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔ ادھر حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے سیکریٹری اطلاعات امتیاز وانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں بھارتی تحقیقاتی اداروں کی طر ف سے جماعت اسلامی سمیت آزاد پسند رہنمائوں اورکارکنوں کے گھروں اور دیگر املاک کو ضبط کرنے کی کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے۔انہوںنے کہا کہ بھارت ایک طرف کشمیری نوجوانوں کو قتل ،گرفتار اور لاپتہ کر رہا ہے اوردوسری طرف مزاحمتی رہنمائوں اور کارکنوں کے گھروں کو ضبط کر کے انکے حوصلے پست کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔