واشنگٹن (این این آئی )امریکہ کی جانب سے بھارت کو مذہبی آزادی کی خلاف ورزی کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل نہ کرنے پر ڈیموکریٹک قانون ساز نے کہا کہ بھارت کا ہندو قوم پرست ریاست بننے کا خطرہ ہے۔رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے ڈیموکریٹک رکن کانگریس اینڈی لیون نے الوداعی خطاب میں کہا کہ بھارت کے سیکولر جمہوریت کے بجائے ہندو قوم پرست ریاست بننے کا خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں تمام لوگوں کے حقوق کا تحفظ کیا جانا چاہیے، چاہے وہ ہندو، مسلمان، عیسائی، جین، سکھ، بدھ مت یا یہودی ہوں۔اس سے قبل انہوں نے ایک بیان میں کہا تھا کہ کشمیر میں جو کچھ ہورہا ہے اسے دنیا کی توجہ کی ضرورت ہے، کشمیر شہ سرخیوں میں نہیں لیکن یہ ایک مثال ہے کہ کس طرح نریندر مودی انسانی حقوق اور جمہوریت کے معاملے میں بھارت کو غلط سمت کی جانب لے جا رہے ہیں۔ڈیموکریٹک رکن کانگریس اینڈی لیون نے کہا کہ نریندر مودی کا بھارت وہ بھارت نہیں ہے جس نے مجھے متاثر کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ جس ملک نے مجھے متاثر کیا اس پر میں عوامی سطح پر تنقید اس لیے کررہا ہوں کیونکہ میں جمہوریت کی حمایت کرتا ہوں اور اس جمہوریت کو کئی نسلوں تک پھلتے پھولتے دیکھنا چاہتا ہوں۔
اینڈی لیون الوداعی خطاب