ایران میں احتجاجی مظاہروں کی حمایت پر معروف اداکارہ گرفتار


 تہران(آئی این پی ) معروف ایرانی اداکارہ اور حقوق نسواں کی کارکن ترانہ علی دوستی کو احتجاجی تحریک کی حمایت کرنے کی پاداش میں گرفتار کرلیا گیا۔ غیر ملکی  میڈیا کے مطابق ترانہ علی کو غلط معلومات اور مواد شائع کرنے اور افراتفری پھیلانے کے لیے حالیہ اقدامات کی وجہ سے گرفتار کیا گیا ہے، انہوں نے اپنے انسٹا گرام اکاونٹ سے کئی مرتبہ ایران میں احتجاجی تحریک کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ اداکارہ نے احتجاجی تحریک میں شریک کارکن محسن شکاری کو پھانسی دئیے جانے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا تھا کہ بین الاقوامی ادارے خون کی ہولی کو جو انسانیت کی توہین ہے اسے دیکھ رہے ہیں۔ اداکارہ علی دوستی کا شمار نوعمری سے ہی ایرانی سنیما کی نمایاں ترین شخصیات میں ہوتا ہے، انہوں نے سعید روستائی کی فلم لیلی اینڈ ہر برادرز میں اداکاری کی جو اس سال کانز فیسٹیول میں نمائش کے لیے پیش کی گئی۔ دوسری جانب ایران میں 22 سالہ لڑکی مھسا امینی کی ہلاکت کے بعد احتجاجی تحریک چوتھے مہینے میں داخل ہوچکی ہے جبکہ احتجاجی مظاہروں میں حصہ لینے والوں کو حکومت کی جانب سے پھانسیاں دی جارہی ہیں۔
ایران اداکارہ گرفتار 

ای پیپر دی نیشن