اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ کے پی میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال باعث تشویش ہے، وزیراعلی امن وامان کی صورتحال پر سنجیدگی سے توجہ دیں اور اپنے صوبے میں زیادہ اور زمان پارک میں کم وقت گزاریں۔وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے شہید اہل کاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دہشت گردوں کی مذمت کی ہے ساتھ ہی شہدا کے لواحقین سے اظہار تعزیت بھی کیا ہے۔اپنے بیان میں انہوں ںے کہا کہ خیبر پی کے میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال باعث تشویش ہے، وزیراعلیٰ امن وامان کی صورتحال پر سنجیدگی سے توجہ دیں، اپنے صوبے میں زیادہ اور زمان پارک میں کم وقت گزاریں، وزیراعلیٰ خیبر پی کے فتنہ عمران کا آلہ کار بننے کے بجائے عوام کے جان ومال کے تحفظ کی ذمہ داریاں پوری کریں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ کے پی پولیس پر دہشت گردوں کے حملوں میں اضافہ نیک شگون نہیں، پولیس پر حملے ہو رہے ہیں تو عوام کے تحفظ کا کیا حال ہوگا؟ عوام کی حفاظت، پولیس کی استعداد میں اضافے کے لیے وفاق خیبر پی کے حکومت کو ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پی کےحکومت شہداء کے خاندان کو شہدا پیکیج کی جلد فراہمی یقینی بنائے، اللہ تعالیٰ شہدا کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔
رانا ثناء
وزیراعلیٰ خیبر پی کے عمران کا آلہ کار بننے کی بجائے صوبے کے امن پر توجہ دیں:رانا ثنا
Dec 19, 2022