لاہور(سپورٹس رپورٹر)زلمی فاونڈیشن، امریکن قونصلیٹ جنرل لاہور اور پی سی بی کے اشتراک سے لاہور میں منقدہ جونئیر گرلز کرکٹ کیمپ اختتام پذیر ہوگیا۔زلمی فاونڈیشن کے چیئرمین جاوید آفریدی کی خصوصی ہدایت پر خیبر پختونخواہ کی نوجوان گرلز کرکٹرز کو لاہور مدعو کرکے کرکٹ کوچنگ فراہم کی گئی ، پی سی بی کے کوچز کیساتھ پاکستان کے فاسٹ بائولرز شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور عابد علی نے مختلف مراحل میں ینگ گرلز کو کوچنگ ٹپس دیں اور ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔کیمپ کی اختتامی تقریب میں یو ایس قونصلیٹ جنرل ولیم میک کین نے شرکت کی اور کیمپ کے شرکا میں انعامات تقسیم کیے۔ معروف ماڈل ، اداکاہ مہرین سید نے بھی ینگ کرکٹرز سے ملاقات کی اور حوصلہ افزائی کی۔پی سی بی نینشل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں منعقد ہونیوالے اس جونئیر گرلز کیمپ میں خیبر پختونخواہ اور لاہور سے بیس بیس جونئیر گرلز نے شرکت کی۔ گزشتہ ہفتے اس کیمپ کا پہلا مرحلہ لاہور میں ہی منعقد ہوا تھا۔ اس سے قبل دو ہزاد سترہ اور دو ہزار انیس میں جونئیر گرلز کرکٹ کیمپ کا انعقاد کیا جاچکا ہے۔ پشاور زلمی اور زلمی فاونڈیشن کے چیئرمین جاوید آفریدی نے کہا کہ زلمی فاونڈیشن ویمن امپاورمنٹ اور کھیلوں کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔ پی سی بی اور امریکی قونصلیٹ لاہور کے ساتھ مل کر نوجوان گرلز کرکٹرز کو ٹریننگ کا موقع فراہم کیا ۔ جاوید آفریدی نے کہا کہ وہ شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اورعابد علی کا خصوصی طورپر شکریہ ادا کرتے ہیں جو کیمپ میں آئے اور نوجوان کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کی۔
زلمی فاونڈیشن، امریکن قونصلیٹ‘پی سی بی اشتراک سے جونیئر گرلز کرکٹ کیمپ اختتام پزیر
Dec 19, 2022