لاہور + فیروز والا (نامہ نگاران) لاہور کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ ڈاکوؤں نے کاہنہ کے علاقے میںساجد الیاس کے گھر میں گھس کر گن پوائنٹ پر اہلخانہ کو یرغمال بنا کر 10لاکھ روپے، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، جنوبی چھاؤنی میں سکندر اور اس کی فیملی سے 4لاکھ 80ہزار روپے، طلائی زیورات اور موبائل فون، کوٹ لکھپت کے علاقے میں طارق سے گن پوائنٹ پر 50ہزار روپے اور موبائل فون، ٹبی سٹی میں ڈاکو شرف سے 10ہزار روپے اور موبائل فون، لٹن روڈ شہریار سے 46ہزار روپے اور موبائل فون ، شیراکوٹ کے علاقے میں نبیل احمد سے گن پوائنٹ پر 35ہزار روپے اور موبائل فون، شاہدرہ ٹاؤن میںآصف سے 22ہزار روپے اور موبائل فون، ڈیفنس سی میں یعقوب سے 20ہزار روپے اور موبائل فون، سبزہ زار میں منور سے 15ہزار روپے اور موبائل فون، وحدت کالونی میں ڈاکو اختر سے 10ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ کر لے گئے۔ چوروں نے جوہر ٹاؤن میں صابر حسن گھر کے تالے توڑ کر الماریوں سے 7لاکھ 14ہزار روپے، گھڑیاں، طلائی زیورات اور دیگر سامان چوری کر لیا۔ چوروں نے ہڈیارہ، فیصل ٹاؤن اور جنوبی چھاؤنی کے علاقوں سے3 کاریں، ساندہ سے رکشہ جبکہ نواب ٹاؤن، مسلم ٹاؤن، اچھرہ، ریس کورس، ہربنس پورہ، غازی آباد، راوی روڈ اور چوہنگ کے علاقوں سے8موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔ فیروزوالہ سے نامہ نگار کے مطابق جی ٹی روڈ کی آبادی رانا ٹاؤن ( فیروز والا) کے قریب ڈاکو موٹر سائیکل سوار محمد داؤد سے دو لاکھ روپے کی رقم چھین کر لے گئے، اسی علاقہ میں ڈاکوؤں نے محمد اقبال اور سلیم سے80 ہزار روپے اور دو موبائل چھین لئے۔ کوٹ عبدالمالک کے قریب ڈاکو نے واردات کے دوران مزاحمت پر گولی مار کر سابق فوجی ناصر کو زخمی کر دیا۔ تھانہ بھکھی کے علاقہ میں ڈاکوؤں نے موٹر نہ روکنے پر فائرنگ کرکے کانسٹیبل قاسم کو زخمی کر دیا۔ اس کا ساتھی بچ گیا، دونوں کانسٹیبل اپنی ڈیوٹی سے فارغ ہو کر اپنے گاؤں چک نمبر 5 میں جا رہے تھے راستے میں ڈاکو نا کہ لگا کر لوٹ مار کر رہے تھے، لاہور روڈ پر خانپور نہر کے قریب ڈاکوؤں نے کار سوار محمد احمد بیگ اس کے فیملی کو روک کر لوٹ لیا اور ان سے تین لاکھ روپے مالیت کے زیورات لوٹ کر لے گئے۔ کوٹ پنڈی داس روڈ پر ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر تاجر محمد شفیق مغل کو روک لوٹ لیا۔ ڈاکو اس سے6 لاکھ کی رقم چھین کر لے گئے۔ سگیاں کے قریب ڈاکوؤں نے ساجد کو روک کر لوٹ لیا، اس سے 40 ہزار روپے کی رقم چھین کر لے گئے۔ ڈاکوئوں نے ایک سنوکر کلب میں داخل ہوکر چار افراد کو لوٹ لیا، ڈاکو ان سے دو لاکھ روپے اور چار موبائل چھین کر لے گئے۔ مزاحمت پر ڈاکوؤں نے نوجوان بلال اور سیف اللہ کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
ڈاکے
لاہور میں لاکھوں کے ڈاکے‘ فیروز والا‘ مزاحمت پر پولیس اہلکار سمیت 3 افراد زخمی
Dec 19, 2022