لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتیں ملک کی برابر کی شہری ہیں جن کی وفاداری کسی دوسرے پاکستانی سے کم نہیں۔ مسیحی برادری کا تحریک پاکستان میں کردار ناقابل فراموش ہے۔ اقلیتیں قیام پاکستان سے لیکر اب تک ملک کی تعمیر و ترقی میں مثبت کردار ادا کر رہی ہیں۔ وہ گورنر ہاؤس لاہور میں کرسمس کے حوالے سے کیک کاٹنے کی تقریب کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب سے سینیٹر کامران مائیکل، بشپ آزاد مارشل چرچ آف پاکستان، بشپ ایلون، سنئیر نے بھی خطاب کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اقلیتیں دفاع، تعلیم، صحت، انصاف، امن عامہ سمیت تمام شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ جب بھی ارض پاک پر کسی دشمن نے میلی آنکھ ڈالی تو سیسل چوہدری جیسے سپوت سینہ تان کر اس کے سامنے کھڑے ہو گئے۔ قانون کے میدان میں چیف جسٹس اے آر کرنیلئس ایک عظیم قانون دان اور اہم فیصلوں کے بانی اور آئین پاکستان کو تشکیل دینے والوں میں سر فہرست ہیں۔
گورنر پنجاب
اقلیتیں برابر کے شہری‘ ملکی تعمیروترقی میں مثبت کردار ادا کر رہی ہیں: گورنر پنجاب
Dec 19, 2022