ملتان (خبر نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سیاسی بونوں کی نالائقی اور نااہلی سے ملک ایک سو سال پیچھے چلا گیا حکمرانوں نے ملک میں موجود ساٹھ فیصد سے زائد یوتھ کو مایوسیوں کے سوا کچھ نہیں دیا پاکستان میں جمہوریت ،پولنگ اسٹیشنز،پولنگ عملہ یرغمال ہے الیکشن کی بجائے سلیکشن کے عمل سے ہمیشہ نقصان ہوا۔جس دن پاکستان میں جمہوریت آزاد ہوئی اور عوام کو آزادانہ ماحول میں ووٹ ڈالنے کا موقع ملا جماعت اسلامی عوام کے اعتماد اور ووٹ سے بڑی کامیابی حاصل کرے گی اب جماعت اسلامی کے علاوہ اور کوئی آپشن نہیں ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں میاں آصف اخوانی کے صاحبزادہ عمران اخوانی کی شادی پر مبارکباد اور معززین علاقہ کو دیئے گئے صبحانہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر راو¿ محمد ظفر، ڈاکٹر صفدر ہاشمی،ایوب مغل ،حسان اخوانی،و دیگر بھی موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ پی ڈی ایم مرکزمیں،پی ٹی آئی پنجاب اور کے پی میں جبکہ پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ میں 14 سالوں سے موجود ہے لوگوں نے بزدار،پرویز الہی،شہباز شریف سمیت سب کو دیکھ لیا،پاکستان کا بچہ بچہ سمجھتا ہے کہ یہ لوگ ڈلیور نہیں کر سکے اور یہ ناکام ترین حکمران ہیں،انہی لوگوں نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا سیاست کو تبا ہ کیا،مہنگائی اور بے روزگاری کی مصیبتیں عوام پر ان کی وجہ سے ہیں جس دن پاکستانیوں کی نگاہ میں نوٹ کی طرح ووٹ کی اہمیت اور قدر پیدا ہو گئی وہ ووٹ کو بھی چور،ڈاکووں،لیٹروں،مافیاز کی بجائے جماعت اسلامی کو دیں گے اور اب یہ شعور عام ہو رہا ہے۔عمران خان کئی بار اعتراف کر چکے ہیں کہ ان کی حکومتوں نے ڈلیور نہیں کیا ان کو بھی احساس ہے کہ ان کی دونوں صوبائی حکومتیں اب پاکستان کے دونوں صوبوں کے عوام پر ایک بوجھ ہیں اگر وہ یہ بوجھ اتارنا چاہتے ہیں تو ست بسم اللہ۔امیر جماعت نے کہا کہ الیکشن سے پہلے الیکشن ریفامز ہونی چاہیے۔پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی یہی چاہتے ہیں کہ یہ چل چلاﺅکا الیکشن ہو، مافیاز کا پیسہ ہو،نوٹ کو استعمال کرکہ انہیں خریدیں اور لوگوں کو ایک بار پھر دھوکا دیں۔بعد ازاں لاہور میں جمعیت طلبہ عربیہ کے دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں اسلام کے دشمن چاہتے ہیں کہ پاکستان کے نوجوانوں،مدارس،تعلیمی اداروں میں پڑھنے والوں کو راہ حق سے دور کر دیا جائے لیکن جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان نے عالم اسلام کے دشمنوں کے ناپاک عزائم کے آگے ایک سیسہ پلائی دیوار ہے۔
سراج الحق
الیکشن کی بجائے سلیکشن سے ہمیشہ نقصان ہوا،سیاسی بونوں سے ملک سو سال پیچھے چلا گیا:سراج الحق
Dec 19, 2022