لاہور (نیوز رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جماعتوں کو انتخابات سے بھاگنا نہیں چاہیے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) الیکشن کمشن کو اپنے پارٹنر کے طور پر استعمال نہ کرے اور اگر الیکشن کمشن انتخابات سے راہ فرار اختیار کی تو یہ مسلم لیگ (ن) کی مدد کے مترادف ہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا الیکشن کمشن کے آئین میں لکھا ہے کہ جب بھی الیکشن کا موقع آئے گا تو الیکشن کمشن انتخابات کے لیے تیار ہوگا لیکن اگر آپ تیار نہیں ہیں تو استعفیٰ دے کر گھر جائیں، یہ لوگ الیکشن کمشن کو آگے کر دیتے ہیں کہ ووٹر فہرستیں نہیں ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ قومی اسمبلی کے سپیکر راجا پرویز اشرف کو اپنا عہدہ عزیز ہے، اس لیے وہ استعفی منظور نہیں کر رہے مگر ان کو سوچنا چاہیے کہ اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد بھی وہ دو ماہ سپیکر رہیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی کو خیبرپختونخوا اور پنجاب میں ووٹر تو کیا امیدوار بھی نہیں ملیں گے۔ قومی اسمبلی کے سپیکر سے مطالبہ کرتا ہوں کہ ہمارے استعفے فوری طور پر منظور کریں۔
فواد چودھری