لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پنجاب حکومت کی ترجمان مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ اسمبلیوں کی تحلیل کے معاملہ پر دونوں وزراء اعلیٰ اور پوری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔ اسمبلیوں کی تحلیل کے اعلان کے بعد امپورٹڈ حکومت کا باجماعت ماتم جاری ہے۔ عمران خان کے دونوں وزراء اعلیٰ کی موجودگی میں اسمبلیاں تحلیل کرنے کے اعلان سے ان کا رونا پیٹنا شروع ہو گیا۔ فواد چوہدری کے ہمراہ زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا یہ تمام پارٹیاں صرف ایک ٹرک کی سواری ہیں۔ یہ لوگ اس ملک سے لوٹ مار کر کے پیسہ اور بچے باہر بھیجتے ہیں۔ عمران خان گولیاں کھا کر بھی عوام کے درمیان ہیں جبکہ ان کے لیڈر کو بیماری کی اداکاری کا ایوارڈ ملنا چاہئے۔ انہوں نے کہا عوام میں نکلو پھر دیکھو عوام آپ کا کیسے استقبال کرتی ہے۔ مسرت جمشید نے کہا کہ ظل سبحانی کی کنیزوں اور غلاموں کو اب چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ عوام ہر جگہ پر امپورٹڈ حکومت کا محاسبہ کریں گے۔
مسرت جمشید