وفاقی حکومت غریبوں کو ریلیف دینے کیلئے مزید اقدامات کرے:امتیاز ورک 

Dec 19, 2022



فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) ممبر چیمبر آف کامرس چوہدری امتیاز ورک نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں کمی کرکے عام آدمی کو ریلیف دیا ہے۔وفاقی حکومت غریبوں کو ریلیف دینے کیلئے مزید اقدامات کرے ۔اشیاء ضروریہ و خوردو نوش کی قیمتوںمیں کمی لائی جائے اور ٹرانسپورٹر بھی کرایوںمیں کمی کا اعلان کریں۔ہمارا ملک اس وقت نازک دور سے گزررہا ہے۔ تمام سیاسی پارٹیوں کے مل کر اس کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی جدوجہد کرنی چاہیے ۔ ملک ترقی کرے گا تو لوگوں کے مسائل کا خاتمہ ہوگا اور ملک میں خوشحالی آئے گی۔  

ملک کیلئے دوسرا سب سے بڑا زرمبادلہ کمانے والا شعبہ ہے، چاول کی اندرون ملک کھپت گندم کے بعد دوسرے نمبر پر ہے،تاجر شعبے کو اپ گریڈ کرنے کے خواہاں ہیں:پی ایچ ایچ ایس اے
لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن (پی ایچ ایچ ایس اے) نے چاول کے شعبے کو صنعت کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ یہ قومی معیشت میں ایک اہم شراکت دار اور پاکستان کے لیے زرمبادلہ کا دوسرا بڑا ذریعہ بن کر ابھرا ہے۔ گزشتہ روز مومن علی کی قیادت میں ترقی پسند کسانوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے پی ایچ ایچ ایس اے کے چیئرمین شہزاد علی ملک ستار امتیاز نے حکومت پر زور دیا کہ شاندار کارکردگی اور ملکی معیشت میں شراکت کی بنیاد پر چاول کے شعبے کو صنعت کا درجہ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایس ایم ای) سیکٹر کے تاجروں سمیت لاکھوں مزدور اس شعبے سے منسلک ہیں، اس کی برآمدات 2 بلین ڈالر ہیں اور اس میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے اور یہ ملک کیلئے دوسرا سب سے بڑا زرمبادلہ کمانے والا شعبہ ہے۔ چاول کی اندرون ملک کھپت گندم کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔ گندم ہماری بنیادی غذا ہے لیکن چاول اب ایک فاسٹ فوڈ بنتا جا رہا ہے۔ گزشتہ چند سالوں میں دھان کے زیر کاشت رقبے میں 70 ہزار ایکڑ کا اضافہ ہوا ہے اور اس کے مزید پھیلائو میں بنیادی رکاوٹ پانی کی کمی ہے۔ شہزاد علی ملک، جو رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے بانی چیئرمین بھی ہیں، نے وضاحت کی کہ پنجاب میں دھان کی کاشت بڑھنے سے برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ سندھ میں صرف مخصوص علاقوں میں دھان کی کاشت کرنے کی اجازت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائی ٹیک ہائبرڈ چاول کے بیج کا استعمال کرکے اس کی پیداوار اور معیار کو بڑھانے اور نئے ہائی ٹیک ہائبرڈ چاول کے بیجوں کے حوالے سے مسلسل تحقیق اور ترقی وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ باسمتی چاول اس شعبے کی شان ہے، جو پاکستان کا ورثہ ہے اور ہم اس کی اصلیت کو برقرار رکھنے اور پورے خلوص، لگن اور محبت کے ساتھ اسے فروغ دینے کیلئے پر عزم ہیں۔ چاول کے تاجر اس ورثے کے ٹرسٹیز اور نگہبان ہونے کی وجہ سے اس شعبے کو اپ گریڈ کرنے کے خواہاں ہیں۔

مزیدخبریں