آسٹریلین لیگ‘ فائنل پر تماشائیوں کا دھاوا، کھلاڑی ‘ ریفری زخمی، میچ منسوخ `


لاہور(سپورٹس رپورٹر)میلبورن میںآسٹریلین لیگ کے فائنل کے دوران تماشائیوں کے حملے میں کھلاڑی اور ریفری کے زخمی ہونے کے بعد انتظامیہ نے میچ منسوخ کر دیا۔اے لیگ کے میلبورن سٹی اور میلبورن وکٹری کی ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے فائنل میچ کے 22 ویں منٹ کے دوران تماشائیوں نے گراؤنڈ میں داخل ہو کر میلبورن سٹی کے گول کیپر ٹام گلوور پر حملہ کر دیا، اس دوران کھلاڑی کا دفاع کرتے ہوئے ریفری ایلکس کنگ بھی چوٹ لگنے سے زخمی ہو گئے۔وکٹوریہ پولیس نے کہاہے کہ 150 سے 200 تماشائی گراؤنڈ میں داخل ہو گئے اور انہوں نے گلوور اور ریفری ایلکس کنگ پر آگ بجھانے والی دھاتی بالٹی سے حملہ کرکے دونوں کو زخمی کر دیا۔آسٹریلین فٹبال لیگ کی جانب سے واقعہ کی مکمل تحقیقات کا اعلان کردیا گیا ہے۔آسٹریلین پروفیشنل لیگ نے بھی مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے فٹبال آسٹریلیا کے ساتھ مل کر کوششیں کرنے کا اعلان کیا ہے۔میلبورن سٹی کلب کی جانب سے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے تماشائیوں کے رویے کو خوفناک قرار دیا گیا۔میلبورن سٹی کلب نے کہا ہے کہ تماشائیوں کی جانب سے گراؤنڈ میں گھس کر کھلاڑیوں، آفیشلز اور کیمرامین کو زخمی کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، ایسے واقعات کسی بھی صورت قابل قبول ہیں نہ ہی فٹبال میں ایسے واقعات کیلئے کوئی گنجائش ہے۔

ای پیپر دی نیشن