تیری ناک ٹوٹ گئی، ہسپتال جانا پڑیگا‘ ٹندولکر میانداد کے الفاظ یاد کیے بغیر نہ رہ سکے

Dec 19, 2022


لاہور(سپورٹس رپورٹر)بھارت کے سابق کپتان اور دنیائے کرکٹ کے عظیم بیٹرز میں سے ایک سچن ٹنڈولکر نے پاکستان کیخلاف میچ میں اپنی انجری کے حوالے سے سابق کپتان جاوید میانداد سے متعلق ایک دلچسپ واقعے کو یاد کیا ہے۔1989 میں پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں ڈیبیو کرنے والے سچن ٹنڈولکر  نے تقریب کے دوران وقار یونس کی گیند سے شدید زخمی ہونے پر خود سے متعلق جاوید میانداد کے کیے گئے تبصرے سے پردہ اٹھایا۔چوتھے ٹیسٹ کے دوران وقار یونس کے باؤنسر پر سچن ٹنڈولکر کو  شدید نوعیت کی چوٹ لگ گئی تھی تاہم زخمی ہونے کے باوجود ٹنڈولکر نے بیٹنگ جاری رکھی۔سچن نے بتایا کہ وہ میرا پاکستان کیخلاف پہلا میچ تھا۔ وقار یونس کا باؤنسر میری ناک پر لگا، میں نے گرل پہنی ہوئی تھی لیکن میری ناک ٹوٹ گئی تھی اور خون بہہ رہا تھا۔ مجھے گیند لگنے کے بعد میچ رک گیا تھا اور اس وقت پاکستانی کھلاڑیوں نے محسوس کر لیا تھا کہ یہ ایک نازک لمحہ ہے، اگر میں چلا جاتا تو میچ میں پاکستان ٹیم بھارت پر غالب آجاتی کیونکہ پاکستان میچ کو جیت کر ختم کرنا چاہتا تھا، ایسے میں ایک آواز جاوید میانداد کی تھی جو مجھے جھنجھوڑ رہی تھی، وہ کہہ رہے تھے ’تیری ناک ٹوٹ گئی ہے تجھے ہسپتال جانا پڑے گا، جس کے بعد عمران خان نے کہا جاوید اسے اکیلا چھوڑ دو۔ اس کے بعد بھی میں نے بیٹنگ جاری رکھی اور خوشی ہے کہ اس انجری کے باوجود میں ڈریسنگ روم نہیں گیا اور ہم نے میچ کے ساتھ سیریز بھی ڈرا کی۔

مزیدخبریں