لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اورایم این اے حسین الٰہی نے جھنگ کے علاقے گڑھ مہاراجہ میں ایم این اے امیر سلطان کی رہائشگاہ پر سابق وزیر مملکت صاحبزادہ نذیر سلطان کے انتقال پر ان کے صاحبزادے امیر سلطان اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہارکیا۔ چودھری پرویزالٰہی اور حسین الٰہی نے صاحبزادہ بیرسٹر امیر سلطان ایم این اے، صاحبزاہ محبوب سلطان ایم این اے اور لواحقین سے صاحبزادہ نذیر سلطان کے انتقال پرافسوس کا اظہار کیا اور صاحبزادہ نذیر سلطان مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ چودھری پرویزالٰہی اور حسین الٰہی نے سوگوار خاندان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ چودھری پرویز الٰہی نے مرحوم کی سیاسی و سماجی خدمات کو خراج عقیدت کرتے ہوئے کہا کہ صاحبزادہ نذیر سلطان مرحوم نے علاقے کے لوگوں کی دن رات خدمت کی۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ چودھری پرویز الٰہی اور حسین الٰہی نے دربار حضرت باھو سلطان پر بھی حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے ملک کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور خوشحالی کیلئے دعا کی۔ اراکین قومی وصوبائی اسمبلی محمد خان لغاری، غلام بی بی بھروانہ، صاحبزادہ محمد محبوب سلطان، صاحبزادہ امیر سلطان، رانا شہباز، محمد اعظم چیلہ، ملک احمد خان پھجر اور علاقے کے دیگر اہم شخصیات بھی اس موقع پرموجود تھے۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی سے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی جس میں حلقوں میں جاری ترقیاتی پروگرام پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ مختصر مدت میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ مخالفین ہماری خدمت کی سیاست کے سامنے ٹھہر نہیں سکتے۔ اراکین اسمبلی عوام کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کے عوام دوست اقدامات کو سراہا اور کہا کہ گزشتہ دور کی طرح اب بھی چودھری پرویز الٰہی عوام کی دن رات خدمت کر رہے ہیں۔
پرویزالٰہی ، تعزیت
iپرویز الٰہی کی حسین الٰہی کیساتھ حضرت سلطان باہوؒ دربار پر حاضری‘ چادر چڑھائی
Dec 19, 2022