فٹبال ورلڈ کپ میں ارجنٹینا کی جیت پر لیاری میں جشن، صدر اور وزیر اعظم کی مبارکباد

Dec 19, 2022 | 12:15

ویب ڈیسک

کراچی: ارجنٹینا نے فرانس کو شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ کی ٹرافی اپنے نام کر لی جس پر لیاری میں جشن منایا گیا۔ صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف نے ارجنٹینا کو مبارکباد دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ارجنٹینا نے فیفا ورلڈ کپ میں تاریخی فتح حاصل کی۔ کراچی کے علاقے لیاری میں فٹبال شائقین نے جشن منایا۔ مختلف علاقوں میں فٹبال ورلڈ کپ کا فائنل میچ گزشتہ شب بڑی اسکرین پر دیکھا گیا۔لیاری کے رہنے والوں نے ارجنٹینا کی جیت کا جشن منانے کیلئے آتش بازی کا مظاہرہ کیا۔ میسی کو شاندار کارکردگی پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ صدرِ مملکت، وزیر اعظم اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے بھی ارجنٹینا کو مبارکباد دی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ارجنٹینا کو فٹبال کا عالمی چیمپین بننے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ ایونٹ کے شاندار انعقاد پر قطر بھی مبارکباد کا مستحق ہے۔

ٹوئٹر پیغام میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ فرانس نے بھی اچھا کھیل پیش کیا جبکہ میسی کے گول شاندار رہے۔ فرانس 2 بار پیچھے رہ کر پھر برابر آیا۔ امباپے کی ہیٹ ٹرک شائقین کو ہمیشہ یاد رہے گی۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میسی کے ملک ارجنٹینا نے فیفا ورلڈ کپ کا اختتام یادگار بنا دیا۔ قطر کو میگا ایونٹ کے شاندار انعقاد پر مبارکباد دیتا ہوں۔ سعودی عرب اور مراکش کے اپ سیٹ ٹورنامنٹ میں یادگار رہیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ شب فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں ارجنٹینا نے پہلے ہاف میں 2 گول کرکے فرانس پر برتری حاصل کر لی تھی مگر دوسرے ہاف کے اختتام کے قریب جا کر فرانس کے امباپے نے 2 گول کرکے میچ برابر کردیا۔دونوں ٹیموں کو اضافی وقت دیا گیا تاہم امباپے اور میسی کی ٹیموں کے مابین معاملہ پھر 1، 1 اضافی گول کے بعد میچ برابری پر رک گیا۔ فائنل کا حتمی فیصلہ پینالٹی ککس پر ہوا جس میں ارجنٹینا نے فرانس پر برتری حاصل کرکے ورلڈ کپ جیت لیا۔

مزیدخبریں