عنبرین فاطمہ
ہر برس کی طرح اس سال بھی برائیڈل کٹیور ویک کا میلہ لاہور میں سجایا گیا ،تین روزہ فیشن میلے میںمنفرد عروسی جوڑوں کی نمائش کی گئی۔پہلے روز احسن نذیر ، المراء ، عارف اشرف ، عاطف اقبال ، فہد حسین ، حارث شکیل ، کاشیز ، کومل چاولہ، شازیہ کیانی نے ، دوسرے روز عنایا اینڈحورین ، عمران راجپوت ، مہدی ، مسک ، رابعہ وہاب ، سائرہ رضوان ، شیزا حسن ، طیب آبو اور عبیر نعیم جبکہ تیسرے روز علی ذیشان ،آنیخا ، ایچ ایس وائے ، ہمایوں عالمگیر ، منیب نواز ، مصفراء ساد ، نکی نینا ، سوچاج بائے مہک جنید نے اپنی اپنی عروسی کلیکشنز متعارف کروائیں۔ نامور ماڈلز نے ریمپ پر اپنی خوبصورتی کے جلوے بکھیرے۔ فیشن شو میں فیشن کے دلدادہ شائقین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور محظوظ ہوئے۔ عمران اشرف،صبور علی،مہوش حیات ، کبری خان ، ریشم ، فلک شبیر ، سارا خان ، عماد عرفانی ، احسن خان ، کنزا ہاشمی ، فیروز خان ، نیلم منیر، صباقمر ، حرامانی ، مومل شیخ ، عمر شہزاد ، ایمان علی ، اعصام الحق قریشی ، اشناء شاہ ، عائشہ عمر ، سبینہ فاروق ، نادیہ جمیل ، ونیزہ احمد اور ریما خان و دیگر شوسٹاپر رہیںاور شائقین کی خوب داد سمیٹی۔ ماڈلز کے ساتھ ساتھ گلوکاروں نے بھی سماں باندھ دیا۔ کلیکشزکے ساتھ نامور گلوکاروں کے گیت بھی لگائے جاتے رہے۔ معروف فیشن ڈیزائنر ایچ ایس وائی نے میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خوشی ہے کہ برائیڈل ویک اپنی پوری خوبصورتی اور دلکشی کے ساتھ جاری ہے۔ نئے فیشن ڈیزائنرز کا اس انڈسٹری کا حصہ بننا خوش آئند ہے۔میں نے جو اس بار اس کلیکشن متعارف کروائی ہے اس کو میں نے لوگوں کی پسند کو مد نظر رکھ کر بنایا ہے۔ میری ہمیشہ سے کوشش ہوتی ہے کہ میرا کام ایسا ہو جس میں پاکستانی ثقافت کی جھلک نمایاں ہو اور بہت ضروری ہے کہ ہمارے کام میں ہمارے کلچر کی جھلک نظر آئے۔ فلمسٹار میرا نے اس موقع پر کہا کہ میں لاہور سے بہت پیار کرتی ہیں شوبز میں آنے والے لوگ محنت کریں اور صبر سے کام لیں ، میں نے ہمیشہ یہ کوشش کی ہے کہ ایسا فیشن کروں جو دنیا بھر میں پاکستان کی نمائندگی کرے۔ میں بیرون ممالک میں جا کر بھی اپنے کلچر کی نمائندگی کرنے والے ملبوسات زیب تن کرتی ہوں ہمارے فیشن ڈیزائنرز بہت باصلاحیت ہیں ان کا کام دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔ میرا نے مزیدکہاکہ اس وقت جتنی بھی ماڈلز ہیں وہ اچھا کام کرتی ہوئی دکھائی دیتی ہیں، مجھے ریمپ پر واک کر کے بہت خوشی محسوس ہوتی ہے۔فیشن ویک کے دوسرے روز بھی نو فیشن ڈیزائنرز نے اپنے تیار کردہ ملبوسات پر مشتمل کلیکشنز متعارف کروائیں۔ نامور شوبز شخصیات نے بطور شو سٹاپر دلہا دلہن بن کر اپنی ادائیں دکھائی۔ ٹینس سٹار اعصام الحق قریشی جیسے ہی ریمپ پر آئے ان کے مداحوں نے تالیوں کی گونج میں ان کا استقبال کیا، اعصام الحق قریشی کی بہن شیزا نے اپنی کلیکشن متعارف کروائی۔ فیشن ویک کے تیسرے روز بھی نامور فیشن ڈیزائنرز کے عروسی ملبوسات ماڈلز نے زیب تن کرکے شائقین کی خوب داد سمیٹی۔ سارا خان اور فلک شبیر کو ریمپ پر دیکھ کر ان کے مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا۔سارا خان نہایت دلکش لگ رہی تھیں۔ مجموعی طور پر ہم دیکھیں توستر سے زائد ماڈل لڑکے لڑکیاں دلہا دلہنیں بن کر ریمپ پر آئیں۔تین روزہ اس برائیڈل فیشن شو میں فیشن ڈیزائنر عمران راجپوت کے مردوں کے لیے ڈیزائن کیے ہوئے شادی کے ملبوسات کی نئی کلیکشن کی نمائش کے دوران ماڈلز نے شیروانی اور کوٹ سوٹ کے ساتھ فلسطینی اسکارف پہنے ہوئے ریمپ پر واک کی جبکہ بیک گرا?نڈ میں فلسطینی آزادی کے نغمے سنائی دے رہے تھے۔فلسطینی اسکارف جسے’کوفیہ‘ کہا جاتا ہے، مشرق وسطیٰ کا روایتی اسکارف ہے اور گزشتہ چند دہائیوں سے عالمی سطح پر اس اسکارف نے فلسطینی قوم پرستی اور مزاحمت کی علامت کے طور پر پہچان حاصل کرلی ہے۔علاوہ ازیں شو کے دوران ڈیزائنر عمران راجپوت کے لیے شو اسٹاپر بننے والے اداکار احسن خان نے جب ریمپ پر واک کے لیے انٹری دی تو ان کے ہاتھ میں ایک بڑا پلے کارڈ تھا جس پر لکھا تھا کہ ’ہم ہر بچے کے لیے، ہر گھر کے لیے اور فلسطین کے لیے امن چاہتے ہیں۔اس موقع پر احسن خان کے ہمراہ اداکارہ و ماڈل آمنہ الیاس اور اسٹائلسٹ یاسر ڈار بھی ریمپ پر موجود تھے۔برائیڈل فیشن شو میں فلسطینیوں کے ساتھ اس طرح اظہارِ یکجہتی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو ئیں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے فیشن شو کے منتظمین کے اس اقدام کی خوب تعریف کی گئی۔احسن خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا دل فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ دھڑکتا ہے، دکھ کی اس گھڑی میں پورا پاکستان فلسطینیوں کے ساتھ ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ دنیا کے دیگر ممالک بھی فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہوں تاکہ اسرائیلی جارحیت کی حوصلہ شکنی کی جائے، آج اگر فلسطینیوں کے ساتھ یہ ہو رہا ہے تو کل کو کسی بھی ملک کی باری آسکتی ہے۔ دوسری طرف نیلم منیر نے زخمی ٹخنے کے ساتھ برائیڈل فیشن شو میں ریمپ پر واک کی۔انہوںنے فیشن شو میں شریک ہونے سے قبل فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر میک اپ روم سے اپنی ایک تصویر شیئر کی ، اْنہوں نے اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ میں آج رات برائیڈل کٹیور ویک میں زخمی ٹخنے کے ساتھ ریمپ واک کرنے جا رہی ہوں۔نیلم منیر نے لکھا کہ میں یہ پوسٹ صرف اس لیے کر رہی ہوں تاکہ ہر کسی کی حوصلہ افزائی کی جائے کہ زندگی میں چاہے کوئی بھی مشکل آئے آپ کو اللہ پر بھروسہ رکھ کر آگے بڑھتے رہنا ہے، کبھی ہمت نہیں ہارنی اور مضبوط رہنا ہے۔اداکارہ کی اس موٹیویشنل سوشل میڈیا پوسٹ کو صارفین کی جانب سے بہت پسند کیا گیا اور انکی ہمت کو بھی سراہا گیا۔یوں تین روزہ فیشن ویک رنگینیاں سمیٹے اختتام پذیر ہو گیا۔