غزہ میں مزید 7 اسرائیلی فوجی ہلاک، تعداد 129 ہوگئی

Dec 19, 2023 | 11:02

اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں جاری لڑائی میں اس کے مزید 7 فوجی مارے گئے ہیں۔ ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق فوج نے وضاحت کی کہ آج یعنی پیر کے روز دو اہلکار مارے گئے۔ ایک غزہ کی پٹی کے شمال میں اور دوسرا جنوب میں۔اخبار نے یہ بھی بتایا کہ فوج نے پیر کی صبح اعلان کیا تھا کہ کل مزید 5 فوجی مارے گئے ہیں۔ جن میں سے 4 لڑائی میں اور پانچواں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ اتوار کو مارے جانے والوں میں سے چار ہلاکتیں غزہ کی پٹی کے جنوبی علاقے خان یونس کی لڑائیوں میں ہوئیں۔ پانچویں ہلاکت شمال میں ہونے والی لڑائی کے باعث ہوئی۔ اس طرح اتوار اور پیر کے روز اسرائیل کے مزید 7 فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔ٹائمز آف اسرائیل نے بتایا کہ غزہ کی پٹی میں 27 اکتوبر کو زمینی کارروائیوں کے آغاز کے بعد سے اسرائیلی فوج کی ہلاکتوں کی تعداد 129 ہو گئی ہے۔غزہ میں جنگ 7 اکتوبر کو حماس کی جانب سے شروع کیے گئے ایک غیر معمولی حملے کے بعد شروع ہوئی تھی۔ حماس کے اس حملے میں لگ بھگ 1140 اسرائیلی ہلاک ہوئے تھے جن میں سے زیادہ تر عام شہری تھے۔پیر 18 دسمبر کو جنگ کے 73 ویں دن اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں ہسپتالوں پر شدید بمباری کرکے مزید کئی فلسطینیوں کو شہید کردیا۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 73 دنوں میں 19453 فلسطینی شہید اور 52286 فلسطینی زخمی ہوگئے ہیں۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں اکثر خواتین اور بچے ہیں۔

مزیدخبریں