پنجاب میں لیول پلیئنگ فیلڈ ملی تو اچھا سرپرائز دینگے: بلاول

لاہور+ اسلام آباد (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں نفرت اور تفریق کی سیاست ہو رہی ہے۔ نواز شریف کا دور حکومت بھی پیپلزپارٹی کارکنوں کے لئے آمریت سے کم نہیں تھا۔ آئندہ انتخابات میں اکثریت ملی تو سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ وہ جیالی کامریڈ زبیدہ شاہین کی عیادت کرنے کے بعد باغباپورہ میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضی، انفارمئشن سیکرٹری شہزاد سعید چیمہ، پی پی لاہور کے صدر چودھری اسلم گل، حاجی عزیز الرحمن چن، سونیا خان، ذوالفقار علی بدر بھی موجود تھے۔ بلاول نے مزید کہا کہ ہمارا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں، مہنگائی غربت اور بے روزگاری نے عوام کو مشکل میں ڈال رکھا ہے، کوئی سیاسی جماعت اس وقت پی پی کی مخالف نہیں۔ پیپلزپارٹی کی حکومت جب بھی آئی ہم نے بے روزگاری اور مہنگائی کا مقابلہ کیا۔ آئندہ حکومت میں نوجوانوں اور مزدوروں کو ریلیف دینے کے لئے پروگرام شروع کئے جائیں گے۔ ماضی میں ہم نے انقلابی منصوبہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا۔  لاہور پہنچ کر بہت اچھا لگا۔ پیپلزپارٹی کی بنیاد لاہور میں رکھی گئی۔ لاہور شہر میں پیپلزپارٹی کو دوبارہ عروج دینے کے لئے محنت کی جائے گی۔ پیپلزپارٹی سیاسی جماعت ہے، سیاسی جماعتوں کے دروازے بات چیت کے لئے ہمیشہ سب کے لئے کھلے رہتے ہیں۔ ملکی تاریخ میں اتنا بڑا معاشی بحران نہیں آیا‘ نوجوانوں کو سمجھانا پڑے گا۔ ہم سب محب وطن ہیں۔ پنجاب میں لیول پلیئنگ فیلڈ ملی تو اچھا سرپرائز دیں گے۔ بلوچستان کے ساتھ پورے پاکستان میں سرپرائز دیں گے۔ قبل ازیں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری باغبانپورہ کی جیالی زبیدہ شاہین کے گھر پہنچے جہاں کامریڈ زبیدہ شاہین کی صاحبزادی نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بازو پر امام ضامن باندھا۔ ملاقات کے موقع پر زبیدہ شاہین آبدیدہ ہوگئیں۔ علاوہ ازیں بلاول نے گزشتہ رات بلاول ہاؤس بحریہ ٹاؤن لاہور میں قیام کیا۔ آئین پاکستان کی 50ویں گولڈن جوبلی کے موقع پر پیپلز لائرز فورم سنٹرل پنجاب کی طرف سے آج 19 دسمبر کو ڈاکٹر جاوید اقبال آڈیٹوریم، لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن میں منعقد پروگرام میں خطاب کریں گے۔ بلاول آج نوید چودھری سے ان کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کے لیے ان کی رہائش گاہ ڈی بلاک فیصل ٹاؤن بھی جائیں گے۔بلاول کی سربراہی میں پی پی پی پنجاب پارلیمانی بورڈ کا ہائبرڈ اجلاس  بلاول ہاؤس لاہور میں ہوا‘ پنجاب پارلیمانی بورڈ نے پنجاب بھر سے موزوں امیدواروں کے نام پیش کئے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے پنجاب پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں تیر کے نشان پر الیکشن لڑنے کے خواہش مند امیدواروں کے ناموں پر غور کیا گیا۔ امیدواروں کی ترقی پسند، جمہوری سیاست سے نظریاتی وابستگی سمیت ان کی اہلیت اور استعداد کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت کی گئی۔بلاول نے کراچی بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کے نام تہینتی پیغام میں نومنتخب صدر عامر نواز وڑائچ اور جنرل سیکرٹری اختیار علی چنا دیگر تمام نومنتخب عہدیداروں کو بھی مبارک باد دی ہے۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...