دھواں اڑانے والی گاڑیوں کے 4 لاکھ 95 ہزار 792 چالان

Dec 19, 2023

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پولیس ٹیموں کا صوبہ بھر میں زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے جس کے تسلسل میں رواں برس صوبہ بھر میں زیادہ دھواں اڑانے والی گاڑیوں کے 4 لاکھ 95 ہزار 792 چالان کئے گئے۔ لاہور سمیت صوبہ بھر میں ایک لاکھ 8 ہزار 98 گاڑیوں کو تھانوں میں بند کیا گیاجبکہ قوانین کی خلاف ورزی پر 7127 گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفیکیٹ کینسل کئے گئے۔ یہ تمام گاڑیاں زیادہ دھواں چھوڑنے کی وجہ سے سموگ میں اضافے کی وجہ بن رہی تھیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں گذشتہ ہفتے کے دوران 20911 گاڑیوں کے چالان، 7167 گاڑیوں کو بند جبکہ 386 گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفیکیٹ کینسل کئے گئے جبکہ گذشتہ روز کے دوران 2585 گاڑیوں کے چالان، 915 گاڑیوں کو بند جبکہ 47 گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفیکیٹ کینسل کئے گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبہ بھر میں زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں سختی کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ سموگ میں اضافے کا سبب بننے والی گاڑیوں کے خلاف بلا امتیاز کاروائیاں کی جائیں۔

مزیدخبریں