لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے وارڈنز سے سینئر وارڈنز کے عہدے پر ترقی پانیوالے ٹریفک پولیس اہلکاروں کے اعزاز میں سنٹرل پولیس آفس میں تقریب سجائی۔ تقریب میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور دیگر افسران نے سینئر ٹریفک وارڈنز کے عہدے پر ترقی پانیوالے 50 افسران کو رینک لگائے۔لاہور سمیت مختلف اضلاع میں 312 وارڈنز کو سینئر ٹریفک وارڈنز کے عہدے پر پروموٹ کیا گیا ۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ ٹریفک پولیس میں ڈی ایس پی رینک پر ترقی کیلئے 80 سے زائد سیٹ موجود ہیں جس پر میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق افسران کو ترقی دی جائے گی۔دریں اثناء انسپکٹر جنرل سے ریونڈر ڈاکٹر خالد ایم ناز کی قیادت میں مسیحی برادری کے وفد نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ دوران ملاقات کرسمس کی آمد اور حضرت عیسٰی ؑ کی یوم ولادت کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب پولیس ایک فیملی کی طرح ہے۔ صوبہ بھر میں کرسمس پروگرامز اور مسیحی عبادت گاہوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ جبکہ ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی۔ دوران ملاقات گمشدہ اور گھر سے بھاگے بچوں کی تلاش کیلئے پنجاب پولیس کی میرا پیارا ایپ کو ایدھی فاؤنڈیشن کے سسٹم کے ساتھ منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ خدمت خلق کے کاموں میں ایدھی فاونڈیشن کا کوئی ثانی نہیں۔ پنجاب پولیس خدمت خلق کے کاموں میں ایدھی فاؤنڈیشن کو مکمل سپورٹ اور تعاون فراہم کرے گی۔
آئی جی کی ترقی پانیوالے ٹریفک پولیس اہلکاروں کے اعزاز میں تقریب ،رینک لگائے
Dec 19, 2023