غلط پالیسیوں نے بلوچستان کو علیحدگی کے دہانے پر کھڑا کردیا، مسئلے کےحل کیلئےجرآت مندانہ فیصلے کرنا ہونگے۔ الطاف حسین

کراچی میں ایم کیوایم کے زیراہتمام بااختیارعورت مضبوط پاکستان جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ بلوچستان کی موجودہ صورتحال کے باعث دوسرے ممالک میں اسکی آزادی کی قراردادیں پاس ہورہی ہیں، بلوچوں کے خلاف آپریشن آج بھی جاری ہے، حکمران اب تو ہوش کے ناخن لیں۔ انھوں نے کہا کہ آج کا جلسہ پاکستان نہیں بلکہ دنیا کی تاریخ میں خواتین کا سب سے بڑا جلسہ ہے، ایم کیو ایم ہمیشہ خواتین کے حقوق کیلئے میدان میں آئی ، پاکستان کی تمام خواتین کو بااختیار بنایا جائے گا۔ انکا کہنا تھا کہ اتنا بڑا جلسہ پاکستان میں مردوں کا بھی نہیں ہوا، دنیا کو بتا دیا کہ مخالفین کا مقابلہ کرنے کیلئے ہماری مائیں ، بہنیں اور بیٹیاں ہی کافی ہیں۔ ایم کیو ایم کے جھنڈے تلے تمام قومیں ایک ہیں۔ الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیو ایم نے خواتین کو ملکی سیاست میں بھرپور حصہ دلوایا، پاکستان کو قائد کے افکار کے مطابق بنانا چاہتے ہیں جس کیلئے خواتین نے بے مثال سیاسی بصارت کا ثبوت دیا اور کامیابیاں حاصل کیں۔ الطاف حسین نے کہا کہ وہ لاپتہ افراد کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ لاپتہ افراد کو بازیاب کرایا جائے، انکے ساتھ ساتھ ایم کیو ایم کے اٹھائیس افراد آج تک لاپتہ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے خلاف لوگوں کو بدظن کیا گیا اور ورغلایا گیا ایم کیو ایم نے عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے ایک ملین کی ریلی نکالی۔

ای پیپر دی نیشن