ملزم کا رشتہ دار ہونے پر کسی شہری کو ہراساں نہیں کیا جا سکتا : ہائیکورٹ

Feb 19, 2013

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا ہے کہ کسی شہری کو ملزم کا رشتے دار ہونے کی بنیاد پر ہراساں نہیں کیا جا سکتا جب تک کہ وہ خود کسی جرم میں ملوث نہ ہو۔ مسٹر جسٹس عبدالسمیع نے یہ ریمارکس مختلف مقدمات میں مطلوب ملزم کے اہلخانہ کو پولیس کی جانب سے ہراساں کرنے کے خلاف دائر رٹ درخواست کی سماعت کے دوران دیئے۔ فاضل جج نے ملزم کے اہل خانہ کو ہراساں کرنے سے روکتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ملزم بیٹا ہو تو اسکے اہلخانہ کو ہراساں نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ وہ قانون کے دائرہ اختیار میں رہ کر اپنے فرائض ادا کریں۔ عدالت میں محمد فیاض نے درخواست میں موقف اختیارکیا کہ اس کا بیٹا اویس گڑھی شاہو اور ریس کورس پولیس کو مختلف مقدمات میں مطلوب ہے۔ درخواست گزار نے اُسے عاق کر دیا ہے۔ اس کے باوجود ریس کورس پولیس کے انچارج انویسٹی گیشن اشفاق بٹ اور دیگر پولیس اہلکارگھروں پر چھاپے مار رہے ہیں اور ناجائز ہراساں کر رہے ہیں۔ انہوں نے متعدد بار درخواست گزار اور اس کے اہلخانہ کے ساتھ یہی سلوک کیا۔ پولیس حکام نے عدالت کو بتایاکہ اویس کی گرفتاری کےلئے گھروں پر چھاپے نہیں مارے۔

مزیدخبریں