لاہور (خبر نگار) آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل (ر) حمید گل نے کہا ہے کہ گوادر بندرگاہ کا ہم نے ابھی تک صحیح فائدہ نہیں اٹھایا ہے۔ اب صحیح فیصلوں کا وقت آگیا ہے۔ سنگاپور کو گوادر دیکر جو غلطی کی تھی، اب اس کی تصحیح کر رہے ہیں۔ امریکہ کی رخصتی ہو رہی ہے لہٰذا ہم بھی کھل کر فیصلے کرنے لگے ہیں۔ نوائے وقت سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ بھارت خود کو خطے کا چودھری سمجھتا ہے۔ صرف بھارت نہیں امریکہ، اسرائیل اور ہمارے کچھ دوست ممالک بھی چین کو ”یہاں“ دیکھنا نہیں چاہتے۔ چین کے تعاون سے یہ بندرگاہ بنائی تھی۔ پھر امریکی دباﺅ پر سنگاپور کو دینے کی غلطی کی۔ ایران کو چین کی خطے میں موجودگی پر اعتراض نہیں ہے۔ استعماری قوتوں کا راستہ روکنے کیلئے گوادر چین کو دینا اچھی پیشرفت ہے۔ اب اس جگہ ڈیوٹی فری زون بنانا ہو گا۔ چین اس میں مدد کریگا۔ گوادر میں صنعتیں لگیں گی تو بلوچستان میں لوگوں کو روزگار ملے گا اور خوشحالی آئیگی۔ وزارت خارجہ کو چاہئے کہ فوری طور پر پاکستان میں موجود سفارتکاروں کو اکٹھا کر کے انہیں بتائے کہ بھارت نے کس طرح ہمارے فوجی جوان کو بلاجواز شہید کیا ہے۔ ہم نے اپنے جوان کی شہادت کا معاملہ ابھی تک عالمی عدالت، اقوام متحدہ میں نہیں اٹھایا۔ بھارتی سفارتکاروں کو بلا کر احتجاج نہیں کیا۔ بھارت نے پاکستانی فوجی کو شہید کر کے امن کی آشا کا گلا خود گھونٹ دیا ہے۔ بھارت صرف طاقت کی زبان سمجھتا ہے۔
گوادر سنگاپور کو دے کر غلطی کی، چین کے حوالے کر کے تصحیح کر رہے ہیں: حمید گل
Feb 19, 2013