خان پور (نامہ نگار) فنکشنل مسلم لیگ پاکستان کے سربراہ اور حروں کے روحانی پیشوا پیر پگارو ہشتم سید صبغت اللہ شاہ راشدی نے کہا ہے کہ پاکستان کی سلامتی سب سے مقدم ہے۔ پاکستان ہے تو ہم ہیں اور پاکستان نہیں تو کچھ بھی نہیں۔ وہ یہاں درگاہ جیٹھہ بھٹہ کے سجادہ نشین و ممبر قومی اسمبلی میاں عبدالستار کی رہائشگاہ پر عقیدت مندوں اور ملاقات کے لئے آنے والوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل وقت گزر چکا ہے اور اچھا وقت آنے والا ہے۔ ہمارے پیپلز پارٹی کے سوا باقی تمام سیاسی جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لئے مذاکرات جاری ہیں اور انتخابات میں بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ کے حوالہ سے پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتیں عوام کو دھوکہ دے رہی ہیں۔ بہاولپور صوبہ اہل علاقہ کی ضرورت اور مطالبہ ہے اس لئے بہاولپور صوبہ بننا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات ملک کی ضرورت ہیں۔ انتخابات شفاف اور بروقت ہونا انتہائی ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے علمبرداروں نے سندھ کیلئے کچھ بھی نہیں کیا بلکہ ایسا بلدیاتی نظام منظور کرا دیا جس سے سندھ انتظامی طور پر 2 حصوں میں تقسیم ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے لوگ جاگ چکے ہیں اور اب وہ جئے بھٹو کے سحر سے نکل آئے ہیں۔ اس مرتبہ سندھ میں بڑی تبدیلی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ فنکشنل لیگ سندھ کے ساتھ ساتھ ملکی سیاست میں مرکزی کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے۔ اب تبدیلی کو روکنا کسی کے بس کی بات نہیں۔
پیر پگارا
سندھ کے عوام جئے بھٹوکے سحر سے نکل آئے: پیر پگارو
Feb 19, 2013