سانحہ بلدیہ ٹائون کی ازسرنو تحقیقات کیلئے ایک اور جے آئی ٹی بن گئی

Feb 19, 2015

کراچی (صباح نیوز) سانحہ بلدیہ ٹاون کی نئے سرے سے تحقیقات کیلئے ایک اور جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے۔ ایڈیشنل آئی جی سندھ خادم حسین بھٹی تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ہونگے۔ ٹیم وفاقی حکومت کو رپورٹ دیگی۔کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں فیکٹری میں آگ لگنے سے 260 سے زائد افراد لقمہ اجل بنے۔ سانحہ کے حوالے سے جے آئی ٹی کی پہلی تحقیقاتی رپورٹ پر ایم کیو ایم نے اعتراضات کئے تھے۔ وزیراعظم اور آرمی چیف کے دورہ کراچی کے بعد نئی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی گئی۔ جس میں ڈی آئی جی مشتاق مہر ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ شاہد حیات بھی شامل ہیں جبکہ رینجرز کے ونگ کمانڈر بھی جے آئی ٹی کا حصہ ہونگے۔ دریں اثنا حکومت نے سانحہ بلدیہ ٹاؤن کے مرکزی ملزم رضوان قریشی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت داخلہ نے اس حوالے سے کارروائی مکمل کر لی۔

مزیدخبریں