وزیراعظم نے ڈاکٹر شاہد نواز کے علاج کیلئے 10 کروڑ جاری کر دیئے حملہ کی تفتیش چکوال تک پھیلا دی گئی

Feb 19, 2015

اسلام آباد ( آن لائن  )وفاقی حکومت  نے وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر پمز ہسپتال کے زخمی ڈاکٹر شاہد نواز کو بیرون ملک علاج کیلئے 10 کروڑ امداد کا اعلان کر دیا ہے۔ پمز ذرائع کے مطابق زخمی ڈاکٹر شاہد نوازکو بیرون ملک بھیجنا ناممکن ہے کیونکہ وہ دماغی طور پر مرچکے ہیں ۔بدھ کے روز پمز ہسپتال میں زخمی ہونے والے ڈاکٹر شاہد نواز جن کی حالت بدستور تشویشناک ہے  کے لئے وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر  وفاقی حکومت نے زخمی ڈاکٹر شاہد نواز کو بیرون ملک علاج کیلئے 10 کروڑ روپے امداد کا اعلان کیا ہے جس کی وزیر اعظم نواز شریف نے منظوری بھی دیدی ہے۔ پمز ہسپتال کے نیورو سرجن ڈاکٹر خلیق الزمان نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ زخمی ڈاکٹر شاہد نواز کو سر کے بائیں جانب گولی لگی ہے جس سے حرام مغز مکمل طور پر متاثر ہو گیا ہے اور اس کا دماغ ڈیمیج ہو چکا ہے ۔مزید برآں پمز ہسپتال میں ڈاکٹر شاہد نواز حملہ کی تفتیش کا دائرہ کار چکوال تک پھیلا دیا گیا۔ موبائل ڈیٹا سے سٹنٹ ڈیٹا ریکارڈ تک سب کلیئر تاہم خاندانی رنجشوں پر تفتیشی آفیسر نے چھان بین شروع کردی۔  ڈاکٹر شاہد نواز کی بیٹی نے اپنے والد کے خلاف  خبر پڑھی تو انہوں نے تفتیشی آفیسر کے ذریعے بتایا کہ انکے بابا شفیق‘ باصلاحیت ‘ غریب پرور اور بہت اچھے انسان ہیں۔ خدا را میڈیا کو اپیل کی جائے کہ ان کی زندگی کوسکینڈلائز نہ کیا جائے۔

مزیدخبریں