کرکٹ ورلڈ کپ: بنگلہ دیش نے افغانستان کو 105 رنز سے شکست دیدی

کینبرا (نمائندہ سپورٹس + سپورٹس رپورٹر) کرکٹ کے ورلڈ کپ مقابلوں میں بدھ کو گروپ اے کے میچ میں بنگلہ دیش نے افغانستان کو 105 رنز سے شکست دے دی ہے۔ آسٹریلوی دارالحکومت کینبرا میں کھیلے جانے والے میچ میں 268 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم 43ویں اوور میں 162 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ افغانستان کو اننگز کے ابتدائی تین اوورز میں ہی تین وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا جس کے بعد افغان بلے باز انتہائی محتاط انداز میں کھیلے۔ جس  سے جہاں رنز بنانے کی رفتار سست رہی وہیں وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں نے افغانستان کے لیے ہدف کا حصول ناممکن بنا دیا۔ افغانستان کی جانب سے کپتان محمد نبی اور سمیع اللہ شنواری نے کچھ مزاحمت کی اور 44 اور 42 رنز کی اننگز کھیلیں۔ بنگلہ دیش کے لیے مشرفی مرتضیٰ تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔ ان کے علاوہ شکیب الحسن نے دو وکٹیں لیں۔ اس سے قبل بنگلہ دیشی کپتان مشرفی مرتضیٰ نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تو بنگلہ دیشی ٹیم 50ویں اوور کی آخری گیند پر 267 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بنگلہ دیشی اننگز کی خاص بات شکیب الحسن اور مشفق الرحیم کی نصف سنچریاں تھیں۔  دونوں نے بالترتیب 63 اور 71 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو ایک بہتر سکور تک پہنچنے میں مدد دی۔ افغانستان کے میر واعظ اشرف، شاہپور زدران، حامد حسن اور آفتاب عالم  نے دو، دو وکٹیں لیں۔ مشفق الرحیم  کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ افغان سپنر سمیع شنواری اس میچ میں اپنے دس اوور نہ کر سکے کیونکہ اننگز کے 33ویں اوور میں امپائر نے گیند کروانے کے بعد پچ پر دوڑنے پر ان پر پابندی لگا دی اور ان کا اوور جاوید احمدی نے پورا کروایا۔ اس سے قبل یہ دونوں ٹیمیں ماضی میں صرف ایک بار 2014 کے ایشیا کپ میں مدِمقابل آ چکی ہیں جہاں افغانستان نے بنگلہ دیش کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر شکست دے کر سب کو حیران کر دیا تھا۔ افغانستان کی ٹیم پہلی بار کرکٹ کے ورلڈ کپ مقابلوں میں حصہ لے رہی ہے جبکہ بنگلہ دیش کا یہ پانچواں ورلڈ کپ ہے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...